0
Tuesday 4 Apr 2017 18:47
سی پیک پیپلزپارٹی کا منصوبہ ہے

آئندہ وفاق میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، آصف زرداری

ہم اس سال الیکشن کیلئے تیار ہیں
آئندہ وفاق میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میلی نظر رکھنے والوں سے پہلے ڈرے تھے اور نہ اب ڈریں گے، جبکہ عوام سے وعدہ ہے کہ آئندہ وفاق میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، آئندہ حکومت جیالوں کی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی کی تقریب کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو نیوکلیئر پروگرام دیا، لیکن یہ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کو نیوکلیئر طاقت نواز شریف نے بنایا، ذوالفقار بھٹو کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں ہیں، جبکہ بی بی صاحبہ نے کبھی اپنی بات نہیں کی، ہمیشہ پاکستان کے بارے میں سوچا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 15 دن پنجاب میں بیٹھا تو کاغذی شیروں اور بلے والوں کا حال خراب ہوگیا، پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا، دیکھنا سارے پیٹو بھاگیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی پر میلی نظر رکھنے والوں سے پہلے ڈرے، نہ اب ڈریں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم اس سال الیکشن کیلئے تیار ہیں اور ان کا مقابلہ کریں گے، عوام سے وعدہ ہے کہ اگلی حکومت ہم بنا کر دکھائیں گے، اس بار اپوزیشن میں رہ کر تھوڑے بندوں سے چیئرمین سینیٹ بنا لیا، تو اگلی بار وزیراعظم بھی بنا کر دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے کا آنے کا انتظار کر رہے ہیں، ہم نہیں سمجھتے پاکستان میں کبھی بھی انصاف ہوا ہے، ہمارے ساتھ ہر دور میں ظلم و زیادتی ہوتی رہی ہیں، لیکن آج دیکھنا ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کیا نہیں ہوتا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج صرف بجلی دُگنی مہنگی نہیں ہوئی، بلکہ پانی کی بھی قلت ہوگئی ہے، عوام کے پاس بجلی اور پانی نہیں ہے اور یہ لوگ بہتر طرز حکمرانی کے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پیپلز پارٹی کا منصوبہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 624666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش