QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمن پر حملے میں بلیک واٹر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، محمد حسین محنتی

1 Apr 2011 12:12

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے اب عام عوام کے ساتھ ساتھ قومی رہنما بھی دہشت گردوں سے محفوظ نہیں رہے، مولانا فضل الرحمن پر صوابی کے بعد چارسدہ میں حملہ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے


کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں کی وجہ سے آ ج پورا ملک بم دھماکوں سے گونج رہا ہے، ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے اب عام عوام کے ساتھ ساتھ قومی رہنما بھی دہشت گردوں سے محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر صوابی کے بعد چارسدہ میں حملہ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے، حکومت شہریوں کے جان و مال، عزت آبرو کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لے کر پاکستان کی داخلی سلامتی اور خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے اور پاکستان کو عملاً امریکی کالونی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں مسلسل خودکش دھماکے ہو رہے ہیں اور ان دھماکوں میں بلیک واٹر کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری تک خودکش دھماکے نہ ہونا اس خدشے کو تقویت فراہم کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملے میں بلیک واٹر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمن پر ہونے والے جان لیوا حملے کی تحقیقات کرائے اور مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔


خبر کا کوڈ: 62495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/62495/مولانا-فضل-الرحمن-پر-حملے-میں-بلیک-واٹر-کے-ملوث-ہونے-امکان-کو-مسترد-نہیں-کیا-جا-سکتا-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org