QR CodeQR Code

پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی، بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی

8 Apr 2017 20:16

عہدیدار کے مطابق دہشتگرد کوئٹہ میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو تلف کرنے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی ایک اور سازش ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر چمن کے مقام سے، بارود سے بھری ہوئی ایک گاڑی پکڑ لی۔ ایک سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی اور بارود سے بھری گاڑی پکڑنے کے ساتھ ساتھ ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا، جسے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مذکورہ عہدیدار کے مطابق دہشتگرد کوئٹہ میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو تلف کرنے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ مذکورہ عہدیدار کے مطابق اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، تاہم انہوں نے گرفتار ملزم کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ واضح رہے کہ پاک افغان سرحد کے اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، تاکہ پڑوسی ملک افغانستان سے دہشتگردوں کی آمدورفت کو روکا جاسکے۔

رواں برس فروری میں ملک کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے بعد چمن اور طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد کو پاک فوج نے سکیورٹی خدشات کے باعث 16 فروری کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان حملوں میں سے زیادہ تر کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار نے قبول کی تھی، جس کی قیادت افغانستان میں موجود ہے، جس پر پاکستان نے 76 مطلوب دہشتگردوں کی فہرست کابل کو فراہم کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی یا انہیں اسلام آباد کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پاک افغان سرحد بند ہونے کے باعث ہزاروں ٹرک سرحد کی دونوں جانب پھنس گئے تھے اور تاجروں کے لاکھوں روپے ڈوب جانے کا خدشہ بھی تھا، جس کے بعد افغان ڈپٹی کمانڈر اِن چیف جنرل مراد علی مراد نے 27 فروری کو افغان دفتر خارجہ میں پاکستانی سفیر ابرار حسین سے ملاقات کے دوران پاکستان سے سرحد کھولنے کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد 20 مارچ کو وزیراعظم نواز شریف نے پاک افغان سرحد فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔  وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ سرحد کھولنے کا فیصلہ جذبہ خیرسگالی کے طور پر کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی وزیراعظم نے اس امید کا بھی اظہار کیا تھا کہ جن وجوہات کی بناء پر سرحد بند کی گئی تھی، ان کے تدارک کے لئے افغان حکومت اقدامات کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 625951

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/625951/پاک-افغان-سرحد-پر-سکیورٹی-فورسز-کی-کارروائی-بارود-سے-بھری-گاڑی-پکڑی-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org