QR CodeQR Code

حکومت پارا چنار میں دہشتگردی کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، علامہ فدا مظاہری

8 Apr 2017 20:42

عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جسطرح ملک کے دیگر علاقوں میں دہشتگردی متاثرین کو 15 سے 25 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں، اسکے برابر پاراچنار کے متاثرین کی بھی امداد کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی کے طوری بنگش قبائل نے کہا ہے کہ حکومت پاراچنار میں دہشت گردی کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں طوری بنگش قبائل کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطیب جامع مسجد پاراچنار علامہ فدا حسین مظاہری اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاراچنار میں بار بار دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور بم دھماکوں کے ذریعے بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل 7 سال کرم ایجنسی میں آمدورفت کے راستے بند رہے۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ مختلف طریقوں سے کرم ایجنسی کے طوری بنگش قبائل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ افسوس ناک ہے۔ طوری بنگش قبائل ہمہ وقت حکومت کے وفادار رہے ہیں اور ہر محاذ پر حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ 21 جنوری اور 31 مارچ کو پاراچنار میں بم دھماکوں کا ذکر کرتے ہوئے عمائدین نے کہا کہ پارا چنار شہر میں ہونے والے حالیہ دھماکوں میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ حکومت کے نااہلی کا ثبوت ہے۔ عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی متاثرین کو 15 سے 25 لاکھ روپیہ دیئے جاتے ہیں اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں، اس کے برابر پارا چنار کے متاثرین کی بھی امداد کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 625954

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/625954/حکومت-پارا-چنار-میں-دہشتگردی-کے-واقعات-کا-سدباب-کرنے-کیلئے-اقدامات-اٹھائے-علامہ-فدا-مظاہری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org