0
Sunday 9 Apr 2017 23:31

بھارت کلبھوشن یادیو کے جواب میں پاکستان کے سابق فوجی افسر کو پکڑ کر آئی ایس آئی کا ایجنٹ ثابت کر سکتا ہے، رپورٹ

بھارت کلبھوشن یادیو کے جواب میں پاکستان کے سابق فوجی افسر کو پکڑ کر آئی ایس آئی کا ایجنٹ ثابت کر سکتا ہے، رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں انتہا پسند جماعت بی جے پی کے حکومت میں آنے کے بعد سے پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، مودی سرکار پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کر نے کے لیے طرح طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے بھارت کی ہر گھناؤنی سازش کا جواب دیا جا رہا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ پاک فوج نے کارروائی کر کے بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا، جو بلوچستان اور کراچی سمیت پاکستان کے مختلف حصوں میں حالات خراب کر رہا تھا۔ بھارت اپنے ایجنٹ کی گرفتاری پر بہت سٹپٹایا اور کلبھوشن یادیو تک کونسلر رسائی بھی مانگی، تاہم پاکستان نے اس سے انکار کر دیا اور کلبھوشن یادیو سے متعلق دستاویزات دنیا کے سامنے رکھے۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے بھارت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے رکھا گیا۔ ایسی صورتحال میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا بھارت اپنی اس شکست پر کوئی جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔؟ دوسری طرف پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب زبیر بھارتی سرحد کے قریب نیپال کے علاقے لمبینی میں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حبیب زبیر کو نوکری کا جھانسہ دے کر نیپال بلایا گیا۔ لفٹیننٹ کرنل حبیب زبیر نوکری کی تلاش میں تھے اور اسی سلسلے میں انہوں نے چند ماہ قبل لنکڈن اور اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر سی وی اپ لوڈ کیا۔

کچھ عرصے بعد حبیب زبیر سے بھارتی ہوسٹ ویب سائٹ کے ذریعے رابطہ کیا گیا اور نوکری کی پیشکش کی گئی۔ حبیب زبیر اور کمپنی کے درمیان ایم میلز اور ٹیلی فون کالز کا بھی تبادلہ ہوا۔ اس کے بعد حبیب زبیر کو برطانیہ سے مسٹر تھامسن نامی شخص کی کال بھی آئی۔ ان رابطوں میں حبیب زبیر کو 8 ہزار 500 ڈالر کی تنخواہ اور زونل ڈائریکٹر کے عہدے کی پیشکش کی گئی۔ کمپنی نے حبیب زبیر کو بزنس کلاس ٹکٹ بھیجا اور عمان بلوایا، عمان میں جاوید انصاری نامی شخص نے انہیں نیپال پہنچنے کا کہا اور وہاں پہنچ کر رابطہ کرنے کے لیے ایک نمبر بھی دیا۔ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب زبیر 6 اپریل کو نیپال پہنچے، جہاں انہیں بھارتی سرحد سے صرف 5 کلو میٹر دور علاقے لمبینی میں لے جایا گیا۔ ان کے غائب ہونے کے بعد سے بھارت سے ہوسٹ ہونے والی ویب سائٹ بھی مکمل طور پر بند ہو گئی، جبکہ برطانیہ سے مسٹر تھامسن کے نام سے آنے والی کال کا نمبر بھی جعلی نکلا۔ اس کے بعد سے حبیب زبیر کا اپنی فیملی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ نجی نیوز چینل کے مطابق بھارت کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے جواب میں پاکستان کے سابق فوجی کو پکڑ کر آئی ایس آئی کا ایجنٹ ثابت کرسکتا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل حبیب زبیر جس طرح گمشدہ ہوئے، اس سے لگتا ہے کہ انہیں خاص منصوبہ بندی کر کے بلا یا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 626257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش