0
Saturday 2 Apr 2011 10:58

مقتول فہیم کی فیملی کا سراغ مل گیا، ملک و قوم کے مفاد میں دیت قبول کی، مقتول فہیم کا بھائی

مقتول فہیم کی فیملی کا سراغ مل گیا، ملک و قوم کے مفاد میں دیت قبول کی، مقتول فہیم کا بھائی
پیر محل:اسلام ٹائمز۔ امریکی سی آئی اے کے کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فہیم کے بھائی اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس سے معاملہ نہ کرتے تو پاکستان کا حال لیبیا جیسا ہوتا، امریکہ نے براہ راست ڈیل نہیں کی وقت آنے پر منظر عام پر آ جائیں گے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سامنے نہیں آ سکتے، ہمیں منظر عام پر آنے سے منع کیا گیا تھا۔ جو کچھ کیا ملکی سلامتی کیلئے کیا پہلے دن سے ہی لین دین کا دباؤ تھا، لوگوں کے سوالات کے جوابات ہمارے پاس نہیں ہیں ہم نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہمارا جو حق تھا وہی کیا۔ میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نہیں رہ رہا تاہم وہ خریت سے ہیں، لوگوں کو جواب دینا اور اپنی مجبوری سمجھانا بہت مشکل ہے، بریت پر فہیم کی جانب سے آٹھ جبکہ فیضان کی طرف سے دس اہل خانہ موجود تھے۔ اکرم نے کہا، کوٹ لکھپت جیل میں قید کیا گیا نہ زبردستی بیان لیا گیا، دوسری طرف متوفی شمائلہ کے ماموں افضل نے کہا کہ ریمنڈ کی رہائی کے لئے گرین کارڈ اور ویزا کی پیشکش کی گئی مجھے میری بیوی سے نہیں ملنے دیا جا رہا ہے۔ 
پیر محل میں میڈیا سے گفتگو میں مقتول فہیم کے بھائی نے کہا کہ سب کو معلوم تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ سب لوگوں کا یہی مشورہ تھا کہ دیت لے لو ورنہ کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات کس طرح طے ہوئے اس کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیت پاکستان اور اسلامی قانون کے تحت لی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں عدالت لے جایا جائے تو دیت کے معاملے کا پتہ چل جائے گا کہ رقم وفاقی حکومت نے ادا کی یا صوبائی حکومت نے ادا کی ہے۔ دیت کی رقم سے بڑا گھر، گاڑی اور موٹر سائیکل خرید لی۔ مقتول فہیم کے بھائی محمد اکرم کے مطابق اس کے تمام اہل خانہ فیصل آباد کے قریب ایک گاؤں پیرمحل چار تریسٹھ میں چند روز ٹھرے۔ اور اب دوبارہ چلے گئے ہیں۔ علاقے میں فہیم کا دادا، دادی، چچا، پھوپھا عاشق حسین، پھوپھی اور قریبی عزیزہ تاج بی بی بھی رہائش پذیر ہیں۔ قریبی عزیزوں کے مطابق مقتول کے بھائی وسیم نے دیت سے ملنے والی رقم سے ایک گاڑی جبکہ چھوٹے بھائی سلیم نے موٹرسائیکل خریدی ہے اور اہل خانہ کے لیے وہاں ایک بڑا گھر بھی خرید لیا ہے۔ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ اسکے بھائی اور ماں باپ جلد سامنے آ کر حقائق بتائیں گے اس وقت انہیں عوام کے سامنے آنے سے منع کیا گیا ہے۔ تاہم محمد اکرم کا کہنا ہے کہ دیت لیتے وقت ان پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا انہوں نے جو کچھ کیا ہے ملک اور قوم کی خاطر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 62652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش