0
Tuesday 11 Apr 2017 09:53

لاہور میں جشن مولود کعبہ (ع) کی مناسبت سے تقریبات جاری

لاہور میں جشن مولود کعبہ (ع) کی مناسبت سے تقریبات جاری
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی "جشن مولود کعبہ" کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ولی حقؑ کی ولادت کے موقع پر مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور ہالز میں تقریبات ہوئیں جن میں مقررین نے سیرتِ حضرت علی علیہ السلام پر روشی ڈالی جبکہ ثناء خواں حضرات نے قصیدے پیش کئے۔ گلشن راوی میں مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت پر موالیان نے 200 پاؤنڈ کا کیک کاٹا اور ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالی۔ اس موقع پر علامہ تصدق حسین نے فضائل علیؑ بیان کئے۔ محفل میں مولا علی علیہ السلام کی شان میں قصیدے بھی پڑھے گئے جبکہ معروف پپو قوال نے قوالیاں پیش کیں۔ محفل کے اختتام پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا اور عالم اسلام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ ایجوکیشن ٹاون میں محفل سماع کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پیر فرید حسین زیدی نے کی۔ محفل سماع میں عقیدت مندوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنڈال کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے معروف قوالوں نے وجد آفرین کلام پیش کرکے محفل میں سماں باندھ دیا۔ قوالیوں کے بعد منقبت گزار لاڈلا بھائی نے حضرت علی علیہ السلام کی شان میں قصیدے سنا کر حاضرین پر وجد طاری کردیا، دوران محفل فضا درود و سلام کے ذکر سے معطر رہی۔ ادھر لاہور آرٹس کونسل اور دوست فاؤنڈیشن کے زیراہتمام الحمرا ادبی بیٹھک میں جشن مولود کعبہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الحمرا کیپٹن ریٹائرڈ عطاء محمد خان نے کی۔ اس موقع پر شہریوں کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔ قوال پارٹی نے حضرت علی علیہ السلام کے حضور ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ جس کے بعد گلوکارہ ترنم ناز نے قصیدے پڑھے اور ہال نعرہ حیدری سے گونجتا رہا۔ دوست فاؤنڈیشن کے چئیرمین سید شفقت شاہ کا کہنا تھا کہ حضرت علی علیہ السلام کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ان کی ولادت کا دن منانا ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے۔
خبر کا کوڈ : 626695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش