QR CodeQR Code

سیاسی رہنماؤں کو حضرت علیؑ کی طرز خلافت کو اپنانا چاہیے، یعقوب شہباز

11 Apr 2017 21:55

صدر غفور چیمبر سے برآمد ہونیوالے جلوس سے خطاب میں ایس یو سندھ کے نائب صدر نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کی وحدت و اخوت پر کاری ضرب لگانے کیلئے اپنی تمام تر قوت کیساتھ مگن ہیں، انکی یہ کوشش ہے کہ دین اسلام کے پیروکار کو آپس میں الجھا کر کمزور کیا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کی طرز خلافت کو اپنانا چاہیے، تاکہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے، معاشرے میں عدم تحفظ، انتشار اور دہشتگردی سے چھٹکارے کیلئے ہمیں حضرت علیؑ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا، امام علی علیہ السلام کی ذات اقدس اور آپ کے بتلائے ہوئے اصولوں پر چل کر ہم فلاح و نجات پا سکتے ہیں۔ حضرت علیؑ کے یوم ولادت کے موقع پر صدر غفور چیمبر سے برآمد ہونیوالے جلوس سے خطاب میں یعقوب شہباز نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کو جو مرتبہ و فضیلت حاصل ہوئی، وہ کسی کو حاصل نہیں ہوئی، آپ پیکر عمل و شجاعت ہیں، آپ کے فضائل بلند ہیں، جس کو کسی میزان میں نہیں تولا جا سکتا۔

یعقوب شہباز نے کہا کہ دور عصر میں یہود و نصاریٰ اور خوارج کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت مولائے کائنات (س) پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کی وحدت و اخوت پر کاری ضرب لگانے کیلئے اپنی تمام تر قوت کے ساتھ مگن ہیں، ان کی یہ کوشش ہے کہ دین اسلام کے پیروکار کو آپس میں الجھا کر کمزور کیا جا سکے، تاکہ دین اسلام کے پیروکاروں پر انہیں غلبہ حاصل ہو، لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔ صوبائی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، آج ہم نے اپنے مولا و آقا سے عہد کرنا ہے کہ دین حق کی سربلندی کیلئے ان کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گے۔


خبر کا کوڈ: 626893

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/626893/سیاسی-رہنماؤں-کو-حضرت-علی-کی-طرز-خلافت-اپنانا-چاہیے-یعقوب-شہباز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org