QR CodeQR Code

لاہور میں جشن مولود کعبہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

12 Apr 2017 10:02

حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن کی عمارت پر چراغاں کیا گیا، ولادت باسعادت کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اور کھانا تقسیم کیا گیا۔ تقریبات سے خطاب میں علماء کا کہنا تھا کہ حضرت علی علیہ السلام کی زندگی میں انسان کیلئے رہنمائی موجود ہے، ہمیں چاہیے کہ امام کی زندگی کا مطالعہ کریں اور ان کی طرح عبادت خداوندی کو بجا لانے کی کوشش کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جشن ولادت با سعادت مولائے کائنات امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام لاہور سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مختلف مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور گھروں میں چراغاں کیا گیا اور جشن میلاد مولود کعبہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن سے علماء اور شعراء نے جانشین رسول امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن کی عمارت پر چراغاں کیا گیا، ولادت باسعادت کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اور کھانا تقسیم کیا گیا۔ تقریبات سے خطاب میں علماء کا کہنا تھا کہ حضرت علی علیہ السلام کی زندگی میں انسان کیلئے رہنمائی موجود ہے، ہمیں چاہیے کہ امام کی زندگی کا مطالعہ کریں اور ان کی طرح عبادت خداوندی کو بجا لانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین کی 5 سالہ حکومت میں عدل و انصاف کی حکومت قائم ہوئی، جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ جشن علی کی مرکزی تقریب عالمی امن اتحاد کونسل کی جانب سے الحمراء ہال میں منعقد کی گئی جس کی صدارت کونسل کے چئیرمین علامہ مشتاق حسین جعفری نے کی۔ انٹر نیشنل سیرت علی امن کانفرنس سے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران مہدی ربانی،علامہ کاظم رضا نقوی، پیر سید نفیس بخاری، غلام محی الدین قادری، پروفیسر تجمل حسین وارثی، سید صدا حسین بخاری، علامہ ریاض حسین رضوی، علامہ غلام رسول اویسی، ظہور حسین کاظمی نے اپنے خطاب میں مولا علی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وحدت و امن کے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔ علماء نے اس موقع پر تمام مذاہب و مسالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کے تحفظ اور بقاء کیلئے متحد ہونے کا عزم کا اظہار کیا۔ اسلام پورہ میں چوہان روڈ پر بھی شاندار چراغاں کیا گیا جب کہ صدیق ٹریڈ سنٹر گلبرگ میں تاجر تنظیم کی جانب سے جشن مولود کعبہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں 110 کلوگرام کا کیک کاٹا گیا۔ اسی طرح جعفریہ کالونی، امامیہ کالونی، سمن آباد، رحمان پورہ، مسلم ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ڈیفنس، بحریہ ٹاؤن، مزنگ، شام نگر، کینٹ، آر اے بازار، فتح گڑھ، مغلپورہ، دھرم پورہ، راوی روڈ، بادامی باغ، شادمان، ایبٹ روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جشن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 626971

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/626971/لاہور-میں-جشن-مولود-کعبہ-عقیدت-احترام-سے-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org