0
Thursday 13 Apr 2017 03:19
ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد امریکہ سے تعلقات خراب ہوئے ہیں

امریکہ بشار الاسد کو بدنام کرنے کیلئے شام میں کیمیائی حملوں کی سازش کر رہا ہے، ولادیمیر پیوٹن

اقوام متحدہ گذشتہ ہفتے شام کے صوبے ادلب میں ہونیوالے کیمیائی حملوں کی آزاد تحقیقات کو یقینی بنائے
امریکہ بشار الاسد کو بدنام کرنے کیلئے شام میں کیمیائی حملوں کی سازش کر رہا ہے، ولادیمیر پیوٹن
اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ جب سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالا ہے، روس کے امریکہ کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے ہیں۔ انہوں نے شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔ روسی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر پیوٹن نے کہا کہ اعتماد کے ساتھ کام کرنے اور فوجی سطح پر امریکہ سے تعلقات بہتر نہیں ہوئے بلکہ بگڑے ہیں۔ روسی صدر نے شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ شامی فوج نے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے؟ اس کا کوئی ثبوت نہیں، لیکن امریکی حملے سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ضرور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ روس نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے کو ختم کرنے کا کام پوری ذمے داری سے ادا کیا ہے۔ اگر کسی کو کوئی شک ہے تو اقوام متحدہ کے ذریعے معائنہ کرایا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب روس نے شام کے مبینہ کیمیائی حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد ویٹو کر دی ہے۔ قرارداد میں کیمیائی حملے کی تحقیقات سے متعلق شام سے مدد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قرارداد برطانیہ، فرانس اور امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے انسپکٹرز شام میں کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق تحقیقات کریں گے۔

دیگر ذرائع کےمطابق روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ شام میں کیمیائی حملوں کی سازش کر رہا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پیوٹن نے کہا ہے کہ ہمارے پاس خفیہ معلومات ہیں کہ امریکہ شام میں جعلی کیمیائی حملوں کی تیاری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ گذشتہ ہفتے شام کے صوبے ادلب میں ہونے والے کیمیائی حملوں کی آزاد تحقیقات کو یقینی بنائے، کیونکہ امریکہ جھوٹے الزام لگا کر شام کے صدر بشار الاسد کو بدنام کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں روسی صدر نے کہا کہ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد اعتماد میں کمی ہوئی۔ امریکہ سے تعلقات بدترین ہوگئے۔ ملٹری سطح پر رابطے بہتر نہیں ہوئے۔ شام نے کیمیائی ہتھیار ختم کر دیئے ہیں۔ شامی طیاروں نے باغیوں کے جوہری ہتھیاروں کو نشانہ بنایا، جس سے زہریلی گیس نکلی۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ شام کی حکومت کیمیائی حملوں میں ملوث ہے، روس کے ساتھ شام کے مسئلے پر کشیدگی حد سے زیادہ نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نیوی کی مغربی بحرالکاہل کی جانب پیش قدمی ایک دانشمندانہ اقدام ہے۔
خبر کا کوڈ : 627282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش