0
Friday 14 Apr 2017 17:35

سوات، قیمتی لکڑیوں کی سمگلنگ میں محکمہ جنگلات کے اپنے ہی اہلکار ملوث

سوات، قیمتی لکڑیوں کی سمگلنگ میں محکمہ جنگلات کے اپنے ہی اہلکار ملوث
اسلام ٹائمز۔ سوات کے علاقہ کالام میں مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کے ملازمین کو قیمتی لکڑیاں سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے وادی میں دیار اور دیگر قیمتی درختوں کی کٹائی کا سلسلہ جاری تھا، تاہم انہیں معلوم نہیں ہورہا تھا کہ یہ درخت کون کاٹ رہا ہے جس کی بِنا پر انہوں نے رات کے وقت میں چوکیداری شروع کر دی اور گذشتہ شب پھاٹک پر سلیپرز سے بھرا سرکاری ٹرک اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کو قابو کر لیا۔ اس حوالہ سے مقامی مشران نے ایک جرگہ منعقد کیا جس میں محکمہ جنگلات اور پولیس کے افسران کو بھی مدعو کیا گیا۔ جرگہ میں کالام سے ملک پٹن خان، ملک امیر سید، ملک راحت باشا اور ماسٹر عبد القیوم سمیت دیگر قبیلوں کے مشران، بلدیاتی نمائندگان، محکمہ جنگلات کی جانب سے ڈی ایف او شاہ حسن، ایس ڈی ایف او نجیب اللہ، ایس ایچ او کالام حسن زیب اور ڈی ایس پی مدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی مشران نے پکڑے جانے والے سلیپرز کی حوالگی کیلئے مطالبات پیش کئے کہ پکڑے جانے والے ملازمین کے خلاف تحقیقات کی جائے اور انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے، کالام کے جنگلات سے مقامی اہلکاروں کو تبدیل کیا جائے، غیر قانون آرا مشینوں پر پابندی لگائی جائے اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کیلئے مقامی افراد کا کوٹہ بحال کیا جائے۔ جرگہ میں محکمہ جنگلات کے افسران اور مقامی مشران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس واقعہ کی تحقیقات کرے گی، جس کے بعد مقامی افراد کی جانب سے پکڑے جانے والے سلیپرز محکمہ جنگلات کے حوالے کردینگے۔
خبر کا کوڈ : 627616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش