0
Sunday 16 Apr 2017 06:39
بم دھماکہ شیعہ نشین علاقے الفوعہ اور کفریا قصبوں کے لوگوں کو لیکر جانیوالی بسوں کے قریب ہوا

حلب کے قریب کار بم دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 118 افراد جاں بحق 224 زخمی، دہشتگرد گروہ احرار الشام نے ذمہ داری قبول کرلی

حلب کے قریب کار بم دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 118 افراد جاں بحق 224 زخمی، دہشتگرد گروہ احرار الشام نے ذمہ داری قبول کرلی
اسلام ٹائمز۔ شام کے شہر حلب کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں اب تک 118 افراد جاں بحق اور 224 زخمی ہوچکے ہیں۔ شام سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حلب کے مضافات میں واقع الراشدین علاقے میں خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری "احرار الشام" نامی دہشتگرد تکفیری گروہ نے قبول کر لی ہے۔ جس وین کے ذریعے دھماکہ کیا گیا بظاہر اس میں پناہ گزین بچوں کے لئے غذائی سامان لدا ہوا تھا۔ خودکش بمبار نے بظاہر مواد غذائی سے بھری گاڑی کو بسوں کے قافلے کے قریب کھڑا کیا، جب غذائی سامان لینے کے لئے خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد اس وین کے اطراف میں جمع ہوگئی تو اسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ یہ بم دھماکہ شیعہ نشین علاقے الفوعہ اور کفریا قصبوں کے لوگوں کو لے کر جانے والی بسوں کے قریب ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے فوعہ اور کفریا کا پچھلے کئی برس سے محاصرہ کر رکھا تھا، لیکن گذشتہ دنوں حکومت اور مسلح مخالفین کے مابین سمجھوتے کے بعد ان دونوں شہروں میں محصور باشندوں کو وہاں سے نکلنے کی اجازت مل گئی تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ الراشدین محلے میں اس مقام پر ہوا، جہاں فوعہ اور کفریا کے شہریوں کو منتقل کرنے والی بسیں کھڑی تھیں۔ اس خودکش حملے میں اب تک خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد سمیت 118 افراد جاں بحق اور 224 زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 40 سے زائد بچے شامل بھی ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد افراتفری مچ گئی اور دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے کئی بسیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
خبر کا کوڈ : 628133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش