0
Sunday 16 Apr 2017 22:16

وزیراعظم کو پاناما کیس فیصلے سے کسی قسم کا ڈر نہیں، مریم اورنگزیب

وزیراعظم کو پاناما کیس فیصلے سے کسی قسم کا ڈر نہیں، مریم اورنگزیب
اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پانامہ کا کیس عدالت میں آخری مراحل میں ہے اس لئے اس پر تبصرہ نہیں کروں گی۔ نواز شریف اپنی تین نسلوں کا جواب دے رہے ہیں، وزیراعظم کو پاناما کیس فیصلے سے کسی قسم کا ڈرنہیں۔نون لیگ آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جن کا دامن صاف ہو انہیں فیصلہ آنے کا ڈر نہیں ہوتا، پاناما کے فیصلے کا انتظار ان کو ہے جو اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کو پاناما کیس فیصلے سے کسی قسم کا ڈر نہیں، نواز شریف اپنی تین نسلوں کا جواب دے رہے ہیں، پاناما کا فیصلہ پاکستان کے قانون کے مطابق آئے گا، جو بھی اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ ہوگا، وزیراعظم اسے قبول کریں گے۔ وزیر مملکت نے دہشت گردی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان جادو کی چھڑی نہیں، آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ قوم اور ملکی سلامتی کے اداروں نے بےپناہ قربانیاں دے کر دہشتگردی کو شکست دی ہے، ملک میں دہشت گردوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں، مردان میں ہونے والا واقعہ قابل مذمت ہے ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ نے ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا تھا، وزیراعظم کا عزم ہے کہ 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ 2013ء میں پاکستان دیوالیہ ہو رہا تھا جبکہ ملک میں لوڈشیڈنگ بھی بہت زیادہ تھی۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں ملک سے باہر منتقل ہو رہی تھیں۔ موجودہ حکومت نے 2014ء میں توانائی کے منصوبے شروع کیے گئے جو بہت جلد مکمل ہو جائیں گے اور 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے۔ سی پیک سے پور ے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔ آج پاکستان کی اسٹاک ایکس چینج ایشیا کی سب سے بڑی ایکس چینج ہے۔ حکومت کی جانب سے سندھ میں پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو بھی حل کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم نے کراچی اور حیدرآباد کی موٹرویز بھی شروع کیں۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں اس حوالے سے جلد ہی قانون سازی مکمل کر لی جائے گی۔ پہلی بار صحافیوں کے ساتھ تکنیکی شعبے کے افراد کو قانون سازی میں شامل کیا گیا۔ پوری دنیا میں صحافیوں کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے تربیت دی جاتی ہے۔ اس لئے وفاقی حکومت پورے ملک میں صحافیوں کو ٹریننگ دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی سطح پر اطلاعات تک رسائی کے بل پر غور کرنے اور جلد ہی اسے پاس کرانے کی لئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 628306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش