0
Tuesday 18 Apr 2017 21:34

کرم ایجنسی، فورسز کا ردالفساد کے تحت کاروائی، بھاری اسلحہ برآمد

کرم ایجنسی، فورسز کا ردالفساد کے تحت کاروائی، بھاری اسلحہ برآمد
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیٹکل حکام نے آپریشن ردالفساد کے تحت کاروائی کرکے کروڑوں روپے اسلحہ گولہ بارود اور ایمونیشن قبضے میں لے لیا۔ پکڑا گیا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کیاگیا۔ کمانڈنٹ کرم ملیشاء کرنل عمر ملک اور پولیٹیکل آفیسر شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اپر اور لوئر کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں سے آپریشن ردالفساد کے تحت پکڑا گیا اسلحہ گولہ بارود میڈیا کو دکھاتے ہوئے کمانڈنٹ کرم ملیشیاء کرنل عمر ملک اور پولیٹیکل آفیسر شاہد علی خان نے بتایا کہ پکڑے گئے اسلحہ میں 7 راکٹ لانچر، 24 راکٹ گولے، دو عدد اینٹی ائر کرافٹ گن، 50 دستی بم، 400 عدد مارٹر گولے، گولہ بارود سمیت دیگر خطرناک اسلحہ اور ایمونیشن شامل ہیں۔ اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کرنل عمر ملک نے کہا کہ تاجر برادری اور قبائلی عمائدین کی تجویز پر شہر کے حساس اور گنجان آباد علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے اور ریڈ زون میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ شہر کی سیکورٹی کیلئے 24 کلومیٹر لمبی خندق کودی گئی ہے اور اس خندق کے ذریعے غیر قانونی راستوں کو کاٹا گیا ہے۔ صرف چیک پوسٹوں سے ہی گزر کر ہی لوگ شہر میں داخل ہونگے یا شہر سے باہر نکلیں گے جبکہ مستقبل میں اس خندق کے اوپر رنگ روڈ بنایا جائے گا، جس کا پی سی ون تیار کیا گیا ہے۔ کرنل عمر ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف انٹیلی جنس ایجنسیز دہشت گردوں کو سہولیات مہیا کررہی ہے، جس پر فورسز کی کڑی نظر ہے۔ بریفنگ کے موقع پر کرنل یاسر بشیر، کرنل اجمل، کرنل ارشد، میجر تیمور اور دیگر فورسز حکام بھی موجود تھے۔ فورسز حکام کا کہنا تھا کہ پاراچنار شہر سمیت ایجنسی بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامیات کئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام اور مشران کو بھی بھر پور ساتھ دینے کی ضرورت ہے اور کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین دہشت گردی کے خلاف حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 628826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش