QR CodeQR Code

راحیل شریف کو این او سی جاری، خصوصی طیارے پر سعودی عرب روانہ

21 Apr 2017 14:41

ابتداء میں اس اتحاد میں 34 ممالک شامل تھے بعد ازاں مزید ممالک کی شمولت سے اسکی تعداد 41 ہوگئی، تاہم ایران سمیت کئی مسلم ممالک اسکا حصہ نہیں ہیں۔ پاکستان ابتداء میں اس اتحاد میں شمولیت سے متعلق مخمصے کا شکار رہا، تاہم ابہام دور ہونیکے بعد پاکستان نے اس اتحاد میں اپنی شمولیت کی تصدیق کر دی، لیکن کہا گیا کہ اتحاد میں اسکے کردار کا تعین سعودی حکومت کیطرف سے تفصیلات ملنے کے بعد کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ کے لئے این او سی جاری کر دیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت پاکستان نے جنرل (ر) راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ کے لئے این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راحیل شریف کو قانون کے مطابق جی ایچ کیو کی منظوری کے بعد این او سی جاری کیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح 11 بجے سعودی عرب کا خصوصی طیارہ پاکستان آیا تھا، جو 2 بج کر 10 منٹ کر راحیل شریف کو لے کر سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کے لئے این او سی جاری کر دیا گیا، جس کے بعد وہ سعودیہ روانہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل (ر) راحیل شریف کو لینے کے لئے سعودی عرب سے خصوصی طیارہ لاہور پہنچا تھا، ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور والدہ بھی سعودیہ روانہ ہوئیں۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کو این او سی قانون کے مطابق دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی مدت ملازمت 3 سال کے لئے ہوگی۔ واضح رہے کہ دسمبر 2015ء میں سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لئے اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد مسلم ممالک کے درمیان سلامتی کے حوالے سے تعاون سمیت فوجیوں کی تربیت اور انسداد دہشت گردی کا بیانیہ وضع کرنا تھا۔ ابتداء میں اس اتحاد میں 34 ممالک شامل تھے بعد ازاں مزید ممالک کی شمولت سے اس کی تعداد 41 ہوگئی، تاہم ایران سمیت کئی مسلم ممالک اس کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان ابتداء میں اس اتحاد میں شمولیت سے متعلق مخمصے کا شکار رہا، تاہم ابہام دور ہونے کے بعد پاکستان نے اس اتحاد میں اپنی شمولیت کی تصدیق کر دی، لیکن کہا گیا کہ اتحاد میں اس کے کردار کا تعین سعودی حکومت کی طرف سے تفصیلات ملنے کے بعد کیا جائے گا۔ نومبر 2016ء میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے مسلسل یہ بات زیر بحث رہی کہ وہ اسلامی اتحادی افواج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے، لیکن ابتداء میں سرکاری سطح پر کسی نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔ بعدازاں گذشتہ ماہ یعنی مارچ کے آخر میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جنرل (ر) راحیل شریف کو اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا کمانڈر بنائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ واضح رہے کہ نومبر 2013ء میں پاک فوج کی کمان سنبھالنے والے راحیل شریف کی مدت ملازمت گذشتہ برس نومبر میں ختم ہوئی۔ جنرل (ر) راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کافی قیاس آرائیاں کی گئیں، تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ آرمی چیف مقررہ تاریخ پر ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 629505

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/629505/راحیل-شریف-کو-این-او-سی-جاری-خصوصی-طیارے-پر-سعودی-عرب-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org