QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، عمران خان

21 Apr 2017 21:08

نجی ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیخلاف جو جے آئی ٹی بنائی ہے اس میں جو کچھ ہوگا وہ عوام کے سامنے ہوناچاہیے کیونکہ ملک کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کا وزیراعظم صادق اور امین نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف میں غیرت نہیں ہے، اپنی دولت بچانے کیلئے استعفی نہیں دے رہا، میاں صاحب تو ملک کے دشمن بنے بیٹھے ہیں، پاکستان قرضوں میں ڈوبتا جا رہا ہے اسے ڈوبنے سے کیسے روکیں گے؟۔ اے آروائے نیوز کے پروگرام "پاور پلے" میں عمران خان نے کل دادو اور اگلے جمعہ کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اچھا ہے، عدالت نے قطری خط کو فراڈ قرار دیا اور وزیراعظم کیخلاف جے آئی ٹی بنا دی، میں اس بات کو واضح کر دوں کہ جے آئی ٹی تو مجرم پر بنتی ہے جبکہ میاں صاحب فیصلے کے بعد صادق اور امین نہیں رہے۔ میرے خیال میں تو ہونا یہ چاہیے تھا کہ نوازشریف پہلے استعفیٰ دیتے اور ان کیخلاف تحقیقات بعد میں ہوتیں۔ ملک کے عہدیدار پر ایسے الزامات لگیں تو ہو ہی نہیں سکتاکہ وہ عہدے سے استعفی نہ دے، نواز شریف نے تمام پیسہ بچوں او ر والدین کے نام پر رکھا ہے اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میاں صاحب ابھی بھی اپنی دولت بچانے کیلئے عہدے پر براجمان ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت نے چیئرمین نیب کے بارے میں جو کہا وہ سب کے سامنے ہے کیونکہ نیب، ایف آئی اے، ایس ای سی پی اے سب حکمرانوں کے ہاتھ میں ہیں۔ نواز شریف کیخلاف جو جے آئی ٹی بنائی ہے اس میں جو کچھ ہوگا وہ عوام کے سامنے ہوناچاہیے کیونکہ ملک کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کا وزیراعظم صادق اور امین نہیں ہے، اس سے قبل بھی ڈان لیکس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی تھی جو انتہائی سادہ سی تھی اس وجہ سے آج تک فیصلہ نہیں ہوسکا لیکن اب سونے پے سہاگا یہ ہواکہ جن اداروں کو مفلوج کہا گیا ہے ان کو جے آئی ٹی دیدی گئی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ نواز شریف ضمیروں کا سوداگر ہے او ر اپنے مفاد کیلئے بولیاں لگاتا ہے جبکہ میں عوام کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا پیسہ چوری ہورہا ہے اب باہر نکل آئیں۔


خبر کا کوڈ: 629612

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/629612/سپریم-کورٹ-کے-فیصلے-بعد-نواز-شریف-صادق-اور-امین-نہیں-رہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org