0
Saturday 22 Apr 2017 23:34

پیپلز پارٹی کیخلاف جو ڈکٹیٹر نہ کرسکے وہ زرداری نے کردیا، عمران خان

پیپلز پارٹی کیخلاف جو ڈکٹیٹر نہ کرسکے وہ زرداری نے کردیا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کا فیصلہ آنے کے بعد وزیراعظم کی اخلاقی حیثیت ختم ہوگئی ہے جب کہ نوازشریف کے بعد اب آصف زرداری کا پیچھا کروں گا۔ دادو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان بہت شاطر سیاستدان ہیں، اللہ مجھے ان جیسا عقلمند سیاستدان نہ بنائے جب کہ وقت ثابت کرے گا کہ ایک لومڑی کی طرح سیانا سیاستدان بھی تھا جس کا نام نوازشریف تھا کیوں کہ اسے کوئی بھی کرپٹ نہیں مانتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری میں ایک خاصیت ہے کہ انہوں نے اپنا ڈاکو پن چھپانے کی کوشش کی اور کبھی یہ نہیں کہا کہ میں پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس لاؤں گا اور نہ کبھی یہ کہا کہ میری باہر جائیداد نہیں تاہم آصف زرداری نے اپنی سیاسی سمجھ سے پیپلزپارٹی کو چھوٹی جماعت بنادیا جو ڈکٹیٹر بھی نہ کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جے آئی ٹی میں پھنس گئے، اب میں سندھ میں آصف زرداری کے پیچھے آرہا ہوں اور ان دونوں حکمرانوں نے مل کر جو پاکستان کی بندر بانٹ کرکے ادھر تم ادھر ہم والا سسٹم بنایا ہوا ہے وہ ختم کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کا فیصلہ آنے کے بعد وزیراعظم کی اخلاقی حیثیت ختم ہوگئی ہے، پاناما سے لوگوں کو نوازشریف کا اصل چہرہ نظر آیا اور نوازشریف شریف بنتے تھے مگر اب پھنس گئے ہیں، میں آج سے نہیں بلکہ 30 سال سے نوازشریف کو جانتا ہوں جب کہ میں نے تو 18 سال قبل لندن میں ان فلیٹس پر نوازشریف کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس آیا تو پہلے ہمیں ٹی او آرز کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا اور خواجہ آصف اسمبلی میں کہتے رہے کہ لوگ پاناما کیس کو بھول جائیں گے لیکن ہم نے ایسا ہونے نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کرپٹ حکمران باہر سے قرضے لیتے ہیں جو غریب عوام کو دینا پڑتا ہے اور سندھ کی عوام تو خاص طور پر سنے کیوں کہ سندھ کے لوگوں کو کرپشن نے تباہ کردیا، جہاں پینے کا صاف پانی نہیں، مگر یہ مخصوص طبقہ امیر سے امیر تر ہوتا جارہا ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس ملک میں جتنا پیسہ بنتا ہے اس میں سے 70 فیصد قرض کی مد میں چلا جاتا ہے اور اس سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر عاصم کے اوپر 460 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے اور شرجیل میمن اور ایان علی نے لوٹ مار کی مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ عمران خان نے جمعہ کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کروں گا، میری جنگ کرپٹ لوگوں کے خلاف ہے، اب پورے پاکستان میں جاؤں گا اور کرپشن کے خلاف تحریک شروع کروں گا جب کہ لوگوں کو بتاؤں گا کہ ایک کرپٹ انسان ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کی پولیس میں سیاست کا خاتمہ کرکے اسے تبدیل کردیا اور مشال خان کے کیس پر چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا کو کہا کہ جس طرح کی آپ کی کارکردگی ہے ہمیں کسی کمیشن کی ضرورت نہیں آپ اپنی تفتیش جاری رکھیں، اگر ایسے ہی دیگر صوبوں کی پولیس کو غیر سیاسی کردیا گیا تو ہی یہ نظام ٹھیک ہوگا۔
سربراہ تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ حکمران پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، قوم کا پیسا لوٹا گیا، اسی لیے ہم مقروض ہوئے، غریب مزید غریب ہو گیا، پولیس چوروں کو پکڑنے کے بجائے انہیں سکیورٹی دیتی ہے۔ میری جنگ کرپٹ لوگوں کےخلاف ہے، اب ملک میں کرپٹ طبقے اور مظلوم عوام کی جنگ ہوگی، پورے پاکستان میں جائیں گے، سب کو کرپشن کےخلاف اکٹھا کریں گے۔ تحریک انصاف جمعہ کو اسلام آباد سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اسلام آباد میں جلسہ کر رہا ہوں، شرکت کی سب کو دعوت دیتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 629957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش