0
Monday 24 Apr 2017 19:54
نوجوانوں کا قائد 70 سال کا بوڑھا نہیں بلکہ صرف بلاول بھٹو ہے

ہم نے پاکستان کا پرچم سوات میں لہرایا اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرکے امن لائے، آصف زرداری

ججوں نے میاں صاحب کو کہہ دیا ہے کہ گو نواز گو اس لئے اب بہت جلد نواز شریف کو جانا پڑیگا
ہم نے پاکستان کا پرچم سوات میں لہرایا اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرکے امن لائے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوکریاں دینا پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد ایسا نظام لائیں گے کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ تنخواہیں بھی خود بخود بڑھ جائیں، ان کا  کہنا تھا کہ میں نے کیسا پاکستان چھوڑا تھا اور کیسا ہوگیا ہے۔ آصف علی زرداری نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون بھائیوں سے آج پہلی ملاقات تھی اور یہ سلسلہ اب برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ سوات میں خود پاکستان کا پرچم لہراؤں گی، لیکن اس پاداش میں بینظیر بھٹو شہید ہوگئیں اور ان کے بعد ہم نے پاکستان کا پرچم سوات میں لہرایا اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے امن لے کر آئے۔ آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کو شناخت دی اور یہ بات پختون اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم سے پہلے کبھی کسی نے پختونوں کو شناخت نہیں دی اور ہم ہی فاٹا کو خیبر پی کے میں انضمام کروائیں گے۔ آصف علی زداری نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کپتان خود کو پٹھان کہلواتا ہے، حالانکہ پٹھان ہونے کیلئے پہلے پختون زبان آنی چاہیئے اور پختون شجرہ نسب ہونا چاہیئے، لیکن اس کو تو نہ کوئی جانتا ہے اور نہ اس کا کوئی اتا پتہ  ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ خود کو نوجوان کہنے والا کپتان مجھ سے بھی 4 سال بڑا ہے اور نوجوانوں کا قائد ہونے کا دعوٰی کرتا ہے، جبکہ نوجوانوں کا قائد صرف اور صرف بلاول بھٹو ہوسکتا ہے، کوئی ستر سال کا بوڑھا شخص نہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ  میاں صاحب سندھ جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ جیب بھر کر لایا ہوں، کیا میاں صاحب صوبوں کو فنڈز اپنی جیب کے پیسوں سے دیتے ہیں؟ ایک ایک سڑک کا کئی کئی بار ٹھیکہ دیا جاتا ہے، یہ کیسے حکمران ہیں جو چھیننا جانتے ہیں لیکن لوگوں کو دینا نہیں جانتے۔ پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ کیسا فیصلہ ہوا ہے کہ دونوں مٹھائی کھا رہے ہیں؟ لگتا ہے کہ دونوں کو سمجھ نہیں آئی کہ کیا ہوا ہے، جبکہ ججوں نے میاں صاحب کو کہہ دیا ہے کہ گو نواز گو اس لئے اب بہت جلد نواز شریف کو جانا پڑے گا۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو اپنی حکومت کی سب سے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دور صدارت میں اس پروجیکٹ کیلئے بہت محنت کی اور کئی بار چین کا دورہ کیا، لیکن جب اس کا آغاز ہوا تو سی پیک ہم سے چوری کر لیا گیا اور میاں صاحب کریڈٹ لینے لگے، لیکن اب ہم سی پیک کو واپس حاصل کریں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے والے قوم کے مجرم ہیں، جس کیلئے ہرطرف سے آواز آ رہی ہے کہ شناختی کارڈ بلاک کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کیا جائے، اس لئے محترمہ کا خواب ضرور پورا کریں گے اور فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرکے یہاں تمام بھائی مل کر رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 630486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش