0
Monday 24 Apr 2017 21:48

سندھ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

سندھ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی و علاقائی مسائل کو حل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے عوام کو بدترین مسائل میں جکڑ کر رکھنے کا خمیازہ پیپلز پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں یکسر ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑے گا، ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے وحدت ہاوس سولجر بازار کراچی میں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علی حسن نقوی، علامہ نقی حیدری، علامہ نشان حیدر ساجدی، مولانا دوست علی سعیدی، منور جعفری و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک و دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ، ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے اب تک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہ اٹھایا جانا اور ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی سندھ حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے، سندھ حکومت عوامی و علاقائی مسائل کو حل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ پہلے سے بدحالی کی شکار عوام کو سہولیات فراہم کرے اور عوامی مسائل کو حل کرے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ صوبائی حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے عوام کو میسر سہولیات پر بھی ڈاکہ ڈالنے اور مزید بدترین کرپشن میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عوام مسائل اور حقوق کے لئے جس سطح تک جانا پڑے جائیں گے، سندھ حکومت کو اخباری دنیا سے نکل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانا ہوں گے، وگرنہ عوام کی مدد سے حکومت کے خلاف سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ صوبائی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کی عوام کو بدترین مسائل میں جکڑ کر رکھنے کا خمیازہ پیپلز پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں یکسر ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 630529
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش