QR CodeQR Code

امریکہ سعودی سلطنت کے دفاع کیلئے بھاری رقم کا نقصان برداشت کر رہا ہے، لیکن وہ امریکہ سے اچھا برتاؤ نہیں کر رہا، ڈونلڈ ٹرمپ

28 Apr 2017 16:15

برطانوی خبر رساں ایجنسی "رائٹرز" کو انٹرویو کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سچ بات یہ ہے کہ سعودی عرب امریکہ سے اچھے طریقے سے پیش نہیں آرہا، کیونکہ ہم سعودی سلطنت کے دفاع کیلئے بھاری رقم کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب سے قبل اپنی مہم کے دوران بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی سعودی عرب سے نہیں الجھ سکتا، کیونکہ ہم انکا دفاع کر رہے ہیں، لیکن وہ ہمیں اسکی مناسب قیمت نہیں چُکا رہے اور ہمیں نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا اتحادی ملک سعودی عرب، امریکہ سے اچھے طریقے سے پیش نہیں آرہا اور امریکہ، سعودی سلطنت کے دفاع کے لئے بھاری رقم کا نقصان برداشت کر رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی "رائٹرز" کو انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی کہ ان کی انتظامیہ مئی میں صدر کے ممکنہ دورہ سعودی عرب اور اسرائیل سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 25 مئی کو بطور صدر اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر "نیٹو سَمٹ" میں شرکت کے لئے برسلز جائیں گے، جہاں سے ان کے دیگر ممالک میں بھی دورے متوقع ہیں۔ رائٹرز کو انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سچ بات یہ ہے کہ سعودی عرب امریکہ سے اچھے طریقے سے پیش نہیں آرہا، کیونکہ ہم سعودی سلطنت کے دفاع کے لئے بھاری رقم کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب سے قبل اپنی مہم کے دوران بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سعودی عرب سے نہیں الجھ سکتا، کیونکہ ہم ان کا دفاع کر رہے ہیں، لیکن وہ ہمیں اس کی مناسب قیمت نہیں چُکا رہے اور ہمیں نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے حوالے سے تبصرے کے لئے سعودی حکام سے رابطہ نہیں کیا جاسکا۔ تاہم سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے اسی طرح کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب بطور اتحادی اپنی ضروریات خودی پوری کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ، سعودی عرب کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے والا سب سے اہم ملک ہے، جس نے گذشتہ چند سالوں کے دوران سعودی عرب کو ایف 15 لڑاکا طیاروں اور کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سمیت اربوں ڈالر کا دفاعی ساز و سامان فراہم کیا ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کرنے والے ملک سعودی عرب اور اس تیل کے سب سے بڑے خریدار امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ سعودی عرب کے طاقتور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ ماہ امریکی صدر سے ملاقات کی تھی، جسے سینیئر سعودی مشیر نے دونوں ممالک کے تعلقات میں تاریخی اہم موڑ قرار دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 631726

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/631726/امریکہ-سعودی-سلطنت-کے-دفاع-کیلئے-بھاری-رقم-کا-نقصان-برداشت-کر-رہا-ہے-لیکن-وہ-سے-اچھا-برتاؤ-نہیں-ڈونلڈ-ٹرمپ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org