0
Tuesday 5 Apr 2011 15:05

لوئر دیر میں خودکش حملہ، امن لشکر کے سربراہ سمیت 9 افراد جاں بحق، 30 زخمی، 18 گاڑیاں تباہ

لوئر دیر میں خودکش حملہ، امن لشکر کے سربراہ سمیت 9 افراد جاں بحق، 30 زخمی، 18 گاڑیاں تباہ
لوئر دیر میں خودکش حملہ، امن لشکر کے سربراہ سمیت 9 افراد جاں بحق، 30 زخمی، 18 گاڑیاں تباہ تیمرگرہ،لوئر دیر،جندول:اسلام ٹائمز۔ لوئر دیر کے علاقے جندول مونڈا میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں امن لشکر کے سربراہ سمیت 9 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں 18گاڑیاں تباہ ہو گئیں ، قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ملک صوفی اکبر بس اسٹینڈ پر کیفے میں چائے پی رہے تھے کہ 15 سالہ حملہ آور نے مصافحہ کیا اور بعد ازاں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔ ڈی پی او لوئر دیر نے بتایا کہ حملہ آور کا سر مل گیا ہے جس ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ جائے وقوع سے ایک دستی بم بھی برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا ہے۔ 
دوسری جانب کرم ایجنسی کے علاقے بادام میں شدت پسندوں نے ایک بوائز اسکول جلا دیا جس کے نتیجے میں اسکول کا ملازم زخمی ہو گیا۔ ادھر جنوبی وزیرستان کے محسود شمن خیل قبائل کے سربراہ سردار امان الدین محسود کو وانا میں قتل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لوئر دیر میں جندول مونڈہ بس اسٹینڈ پر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پیر کی دوپہر خودکش حملہ آور جنرل بس اسٹینڈ مونڈا میں واقع ایک کیفے میں داخل ہوا، جہاں اس نے وہاں پر موجود امن لشکر کے سربراہ ملک صوفی محمد اکبر سے مصافحہ کیا اور اس کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ملک صوفی اکبر اور اس کے بیٹے سمیت 9 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی پی او لوئر دیر سلیم مروت نے بتایا کہ حملہ آور پیدل تھا جس نے اکبر خان کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا حملہ آور کا سر مل گیا ہے اور اس کی عمر16,15سال معلوم ہوتی ہے۔ دھماکے میں 18 گاڑیاں تباہ جبکہ قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر 7مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ خودکش دھماکے کی جگہ سے ایک ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا ہے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
 منڈا لوئر دیر اور باجوڑ ایجنسی کا سرحدی گاؤں ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک صوفی اکبر کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا۔ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف لشکر کشی میں پیش پیش رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں کافی عرصہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی حکام نے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ ادھر خودکش دھماکے کے ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ملک صوفی اکبر کار شو روم میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ چائے پی رہے تھے کہ ایک کمسن لڑکے نے وہاں پر خودکش حملہ کر دیا۔ ادھر گورنر خیبرپختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے دیر لوئر میں خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر دلی صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
 کرم ایجنسی کے علاقے بادام میں تعلیم دشمن شدت پسندوں نے بوائز ہائی اسکول کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں اسکول کا فرنیچر مکمل طور پر جل گیا اور عمارت کو بھی نقصان پہنچا جبکہ اسکول میں موجود ملازم آگ لگنے سے زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں بنوں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 8 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انہیں تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 63221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش