0
Sunday 30 Apr 2017 22:50
ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا

قوم کے بچے، نوجوان اور خواتین گو نواز گو کہنے کیلئے تیار ہیں، عمران خان

جو وزیراعظم اپنی فوج کے خلاف بولے اسے معاف نہیں کیا جا سکتا
قوم کے بچے، نوجوان اور خواتین گو نواز گو کہنے کیلئے تیار ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، جب تک ملک کا گاڈ فادر گھر نہیں جاتا، اس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو سکتی، کیونکہ ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر جیسے ادارے ان کے ماتحت ہیں، ہم ایک مافیا اور ایک گاڈ فادر کا مقابلہ کر رہے ہیں، قوم کے بچے، نوجوان اور خواتین گو نواز گو کہنے کیلئے تیار ہیں، جو وزیراعظم اپنی فوج کے خلاف بولے اسے معاف نہیں کیا جا سکتا، قوم ڈان لیکس پر جواب لے گی، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، لیکن یہاں کا پیسہ ایان علی جیسے لوگ دبئی لے کر جا رہے ہیں، کراچی روشنیوں کا شہر کہلایا جاتا تھا، وہ آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، آج کراچی میں ہر طرف گندگی ہے، کراچی کے شہری پانی کے حصول کیلئے ترس رہے ہیں، کراچی وہ شہر ہے کہ جو پاکستان کو 70 فیصد ریوینیو دیتا ہے، جب تک کراچی میں پولیس کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا، تب تک کراچی شہر میں امن نہیں آ سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد سے نکالے گئے ”حقوق کراچی مارچ “ کے اختتام کے موقع پر جیل چورنگی کے قریب شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عارف علوی، عمران اسماعیل، علی زیدی، فیصل واﺅڈا، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، جمال صدیقی، دوا خان صابر، ضلعی صدور اور دیگر رہنماء بڑی تعداد میں موجود تھے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں پولیس اور بلدیات کا سب سے بہترین نظام متعارف کروایا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور میئر کراچی وسیم اختر کہتے ہیں کہ ہمیں خیبر پختونخوا جیسا پولیس کا نظام اور بلدیاتی اختیارات چاہیے، کراچی والوں آپ وعدہ کریں کہ ظلم اور نا انصافی کے خلاف ضرور نکلیں گے، جب عوام ظلم اور نا انصافی کے سامنے سر جھکا لیتی ہے، تو وہ خود اپنے ساتھ ظلم کرتی ہے، ناانصافیوں کے خلاف جہاد کا درس ہمارا دین دیتا ہے، ہم حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے گئے، تو میں خود کراچی آﺅں گا اور ہم کراچی کے حقوق کیلئے ایک بار نہیں بار بار سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو ایک بہتر بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے، جیسے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے رائج کیا ہے، جب تک بہتر بلدیاتی نظام نہیں آئے گا، تب تک کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکتے، کراچی شہر کا پیسہ کراچی پر استعمال ہونا چاہئے، کرپٹ حکمران کراچی شہر کا پیسہ چوری ہو کر باہر بھیج رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج کراچی شہر ترقی کے بجائے پستی کی طرف جا رہا ہے، جب تک ان کرپٹ سیاست دانوں کو سزائیں نہیں ملیں گی، تب تک پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، جب تک ملک کا گاڈ فادر گھر نہیں جاتا، اس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو سکتی، کیونکہ ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر جیسے ادارے ان کے ماتحت ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما کیس کے عدالتی فیصلے کے بعد یہ طے ہو جائے گا کہ یہ ملک کرپشن سے پاک ہوگا یا پھر زرداری اور نواز کے حوالے رہے گا۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نقل کیلئے بھی عقل چاہیے ہوتی ہے، جو وزیراعظم اپنی فوج کے خلاف بولے اسے معاف نہیں کیا جا سکتا، قوم ڈان لیکس پر جواب لے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ایک جھوٹا شخص پاکستان کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، نواز شریف نے کل مجھے کرکٹ کھیلنے کا کہا، 65 برس میں کرکٹ کیسے کھیلوں، لگتا ہے انہیں گرمی زیادہ لگ گئی۔ عمران خان نے وکلاء برادری سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ جھوٹے کو پاکستان بننے کا حق ہے، انہوں نے شہباز شریف کو ڈرامہ بھی قرار دیا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف کی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جب پرویز مشرف نے انہیں جیل میں ڈالا، تو موٹو گینگ فرار ہو گیا تھا، لیکن کلثوم نواز نے بھرپور مقابلہ کیا، ہم کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اس قوم کے نوجوان، بچے اور خواتین گو نواز گو کہنے کیلئے تیار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کے فیصلے میں پانچوں ججز نے کہہ دیا کہ وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں، لہٰذا نواز شریف کے پاس وزارت عظمیٰ کی کرسی پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا، کسی بھی جمہوریت کے اندر کسی ملک کے سربراہ کو اگر جھوٹا کہہ دے، تو اسے ملک کی سربراہی چھوڑ دینی چاہئے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ریوینیو دینے والا شہر آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، پانی، بجلی، گیس، صفائی ستھرائی، پبلک ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی ضروریات آج کراچی کے شہروں سے چھین لی گئی ہیں، کراچی کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ عمران خان کی قیادت میں اپنے حقوق کیلئے اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ کراچی ریجن کے صدر فروس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے ایک ایماندار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے، جو صرف اور صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں ہمیں ملی ہے، جب تک آپ کے حکمران ایماندار نہیں ہونگے، آپ کا پیسہ ہمیشہ کرپشن کی نظر ہوتا رہے گا، اگر حکومت اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا اور کراچی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی، تو کراچی کی عوام پھر سے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں سڑکوں پر نکلے گی اور حکمرانوں کے ایوانوں کا گھیراﺅ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 632409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش