QR CodeQR Code

نواز حکومت مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

1 May 2017 14:52

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں یوم مزدور کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کے دوران پی پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح پیپلز پارٹی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، ذوالفقار بھٹو نے مزدوروں اور نوجوانوں کو متحد کیا، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو مزدوروں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں جو مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں یوم مزدور کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح پیپلز پارٹی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں اور نوجوانوں کو متحد کیا، پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی مرتبہ مزدور دوست پالیسی دی، پیپلز پارٹی نے مزدوروں کے لئے ادارے بنائے، محنت کشوں کے لئے ای او بی آئی قائم کیا، پیپلز پارٹی، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو مزدوروں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری اداروں کے 12 فیصد حصص محنت کشوں کے نام کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے اسے بند کردیا ہے، سندھ حکومت مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے لیکن وفاقی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں، یہ حکومت مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتی ہے، یہ اورنج ٹرین بناتے ہیں مگر اسپتال نہیں بناتے، لیکن پیپلز پارٹی ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ محنت کشوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، صنعتوں کا پہیہ محنت کش طبقے کے زور بازو سے ہی چلتا ہے، محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ذوالفقار بھٹو نے قانون سازی کی بنیاد ڈالی، پیپلز پارٹی نے گزشتہ 5 سال میں سندھ اسمبلی سے محنت کشوں کے تحفظ کے لئے 13 قوانین منظور کرائے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 632532

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/632532/نواز-حکومت-مزدوروں-کا-حق-کھا-کر-آف-شور-کمپنیاں-بناتی-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org