0
Tuesday 2 May 2017 18:57

مخالفین کی جلسی میں لوگ کم اور کرسیاں زیادہ ہوتی ہیں، نواز شریف

مخالفین کی جلسی میں لوگ کم اور کرسیاں زیادہ ہوتی ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین روز گالیاں نکالتے ہیں، انہیں صرف شور مچانا اور کیچڑ اچھالنا آتا ہے، عوام کی محبت ہمیں 2018ء کے انتخابات میں جیت کا پیغام دے رہی ہے، شیر شیر ہی ہوتا ہے اور سو گیڈر مل کر بھی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتے، سیاسی مخالفین نہیں چاہتے کہ ملک میں سی پیک بنے، مخالفین کی جلسی میں لوگ کم اور کرسیاں زیادہ ہوتی ہیں، ان کی دس جلسیاں بھی ہمارے ایک جلسے کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ لیہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین اور پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک نہ بنے، ملک میں سڑکیں، موٹروے نہ بنے، یہی نہیں مخالفین کی کوشش ہے کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو، انہیں صرف شور مچانا اور الزام تراشی کرنی آتی ہے، ہمارے دشمن گزشتہ چار  سال سے ایک ہی الزام لگا رہے اور گالیاں نکال رہے ہیں لیکن ہم نے کبھی انہیں گالی کا جواب گالی سے نہیں دیا، جبکہ سیاسی مخالفین ہر روز نئے الزامات لگاتے اور کیچڑ اچھالتے ہیں لیکن ان کو یہ نہیں معلوم کہ شیر شیر ہوتا ہے اور سو گیڈر بھی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ میرا دل ابھی بھی بھرا نہیں ہے، میں چاہتا ہوں الیکشن سے قبل ایک بار پھر یہاں واپس آؤں اور جس طرح عوام نے مجھ سے محبت اظہار کیا ہے میں ان کا ماتھا چوموں، کیونکہ آپ عوام ہی میرا سرمایہ ہیں، میرا دل کرتا ہے میں صبح سے لے کر رات تک اور رات سے لے کر صبح تک عوام کی خدمت کروں، یہی نہیں میں لیہ کے عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ کی سہولت لے کر آیا ہوں کیونکہ اگر کوئی غریب بیمار ہوجائے تو اس کے پاس علاج کیلئے پیسے نہیں ہوتے، ان کی جائیدادیں بک جاتی ہیں، لوگوں سے ادھار پیسے لیتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، میری ٹیم آئے گی اور یہاں کا سروے کرنے کے بعد غریبوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے تھے لیکن جس ایک صوبے کی حکومت ملی ہوئی ہے تم نے تو اس کا بھی پرانے پاکستان والا حال کر دیا ہے، نیا پاکستان تو ہم بنا رہے ہیں، عوام کیلئے سڑکیں، موٹروے اور اسپتال بنا رہے ہیں، یہی نہیں ہم کسانوں، مزدوروں، صنعت کاروں اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں کیونکہ ہم اس خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جلسی میں لوگ کم اور کرسیاں زیادہ ہوتی ہیں، ان کی دس جلسیاں بھی ہمارے ایک جلسے کا مقابلہ نہیں کرسکتیں کیونکہ یہ شیروں کا جلسہ ہے، آج پاکستان بھر میں لیہ لیہ ہو رہی ہے اور 2018ء کے انتخابات میں کامیابی کی نوید سنا رہی ہے، آج ہم لیہ کے عوام کیلئے پروگرام لے کر آئے ہیں، لیہ سے تونسہ سے تک پل بنایا جارہا ہے، 180 میل کا فاصلہ 24 کلومیٹر میں طے کیا جائے گا اور اس پل کی تعمیر پر 700 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، یہ 700 کروڑ لیہ کے عوام پر قربان ہے جبکہ میں نے انتظامیہ کو بھی کہا ہے کہ پل کا کام فوری طور پر شروع اور جلد از جلد ختم ہونا چاہیے، اسے کہتے ہیں عوام کی خدمت اور ہم یہ خدمت دل سے کر رہے ہیں، اگر کسی کو ہماری بات پر شک ہے تو وہ لیہ آکر اپنی آنکھوں سے عوام کی خدمت کو دیکھ لے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کی لعنت کو ختم کردیںگے اور ہمارے بنائے ہوئے نئے کارخانوں نے بجلی بنانا شروع کردی ہے، اب ایک بار بجلی آگئی تو دوبارہ کبھی نہیں جائے گی، ہم کسانوں کیلئے ٹیوب ویل کی بجلی بھی سستی کررہے ہیں، میرا 2013ء والا جذبہ ابھی بھی زندہ و سلامت ہے اور ملک و عوام کی خدمت کیلئے حاضر ہوں۔
خبر کا کوڈ : 632805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش