0
Tuesday 2 May 2017 22:47

پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے مابین ہاٹ لائن رابطہ

پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے مابین ہاٹ لائن رابطہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں پاک فوج نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنزکا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کے اعضاء کاٹنے اور نعشیں مسخ کرنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے نہ تو راولا کوٹ پونچھ سیکٹر پر سیز فائرکی خلاف ورزی کی اور نہ ہی لائن آف کنٹرول پار کی۔ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے کہا کہ پاکستان آرمی پیشہ ور فوج ہے جو طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھتی ہے، ہم کنٹرول لائن پر امن و سکون قائم رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، بھارت کا فوجیوں کی نعشیں مسخ کرنے کا الزام وادی کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ڈی جی ایم او کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت الزامات کے قابل قبول شواہد پیش کرے اور واقعہ کی تحقیقات کرائے جب کہ کنٹرول لائن پر کسی بھی جارحیت کا اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر جواب دیا جائے گا۔

ہاٹ لائن پر رابطے میں ڈی جی ایم اونے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو ہدف بنانے کا مسئلہ بھی اٹھایا اورشہریوں پر جارحیت جاری رہی تو مناسب جواب دیا جائے گا۔ اس سے قبل گزشتہ رات لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ پونچھ سیکٹرمیں پاک فوج کے کمانڈر نے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن رابطہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حکام کو بتایا گیا کہ بھارتی میڈیا پاکستان پر غیر ضروری الزام لگا رہا ہے اور بھارت کی جانب سے اس معاملے پر دانشمندی کے اظہار کی امید ہے، پاکستان کنٹرول لائن پر پُرامن ماحول کے لیے پُرعزم ہے اور توقع ہے کہ بھارت بھی ایل او سی پر امن کو متاثر کرنے والا کوئی اقدام نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر قائم بھارتی فوج کی 2 چوکیوں پر مارٹرگولوں اورراکٹ سے حملہ کیا اور بعد میں چوکیوں کے درمیان گشت کرنے والے 2 فوجیوں کو ہلاک اور ان کی لاشیں مسخ کر دی ہیں۔ پاک فوج نے بھارت کے اس مکروہ الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاک فوج ایک اعلیٰ ترین اور پیشہ وارانہ فورس ہے، وہ کسی فوجی یہاں تک کہ بھارتی فوجی کی بھی تضحیک نہیں کرے گی لہٰذا بھارتی سپاہیوں کی لاشوں کے عضو کاٹنے کا بھارتی الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 632839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش