QR CodeQR Code

ای سی ایل میں نام ہونیکے باوجود پی آئی اے کے سابق سی ای او کو ایکبار بیرون ملک جانیکی اجازت

6 May 2017 10:12

ہلڈن کا نام ائیر لائن کے طیارے کی مبینہ فروخت کے حوالے سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ طیارے کی فروخت پر مبنی ائیر لائن اور ایف آئی اے تحقیقات کے لئے اسے جبری رخصت پر بھیجا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پی آئی اے کے سابق قائم مقام سی ای او ہلڈن برنڈ کو ملک سے ایک بار باہر جانے کی اجازت دے دی گئی، ہلڈن برنڈ روانگی کی تاریخ سے 30 روز تک اپنے آبائی وطن میں رہ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سابق قائم مقام سی ای او ہلڈن برنڈ کو بیرون ملک روانگی کی اجازت مل گئی، وزارت داخلہ کی جانب سے ہلڈن کا نام ایک بار ای سی ایل سے نکالنے پر مبنی مراسلہ میڈیا کو موصول ہوگیا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہلڈن برنڈ کو روانگی کی تاریخ سے 30 روز تک آبائی وطن رہنے کی اجازت ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ جانے کی اجازت ملتے ہی ہلڈن برنڈ نے آج صبح غیر ملکی ائیر لائن سے روانگی کے لئے سیٹ بھی بک کرالی ہے۔ ہلڈن برنڈ آج صبح ساڑھے پانچ بجے ٹرکش ائیر کے ذریعے استنبول کے راستے فرینکفرٹ روانہ ہوں گے، واضح رہے کہ ہلڈن کا نام ائیر لائن کے طیارے کی مبینہ فروخت کے حوالے سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ طیارے کی فروخت پر مبنی ائیر لائن اور ایف آئی اے تحقیقات کے لئے اسے جبری رخصت پر بھیجا گیا تھا، ذرائع کے مطابق جبری رخصت کے دوران ان کی جانب سے ایک بار آبائی وطن جانے کی درخواست دی گئی تھی، ہلڈن کو رخصت پوری ہونے پر پی آئی ہیڈ آفس آنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 633867

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/633867/سی-ایل-میں-نام-ہونیکے-باوجود-پی-آئی-اے-کے-سابق-او-کو-ایکبار-بیرون-ملک-جانیکی-اجازت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org