0
Sunday 7 May 2017 11:43
پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے

بھارت کشیدگی بڑھا کر خطے کی ترقی اور امن کو خطرے میں نہ ڈالے، صدر ممنون حسین

ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے
بھارت کشیدگی بڑھا کر خطے کی ترقی اور امن کو خطرے میں نہ ڈالے، صدر ممنون حسین
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ممنون حسین نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِاہتمام دوسری میڈ اِن خیبر پختونخوا ایگزیبیشن کا افتتاح پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل، بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور، سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اقبال، نائب صدر عابد اللہ خان یوسفزئی، میڈ اِن خیبر پختونخوا ایگزیبیشن کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی خان، سرحد چیمبر کے سابق صدر ریاض ارشد اور چین سے آئے ہوئے دیگر غیر ملکی و فود سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر ممنون حسین نے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستی اور امن کا خواہاں ہے، انہوں نے نئی دہلی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشیدگی بڑھا کر خطے کی ترقی اور امن کو خطرے میں نہ ڈالے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ افغانیوں کا پاکستانیوں کے ساتھ برادرانہ تعلق ہے، جو کھلے دل سے دوستی چاہتے ہیں اور پاکستان دیانتداری سے افغانستان میں امن اور ترقی کیلئے کام کر رہا ہے، کیونکہ پُرامن افغانستان اس کے مفاد میں ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ چند بیرونی فورسز پاک افغان تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن کابل کو پاکستان کے خلوص کو سمجھنا چاہیئے۔ خطے کے معاملات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کی سلامتی اور امن اور تمام ہمسائیوں سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ ایران سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ دیگر ہمسائیوں کے ساتھ بھی مستقبل میں تعلقات بہتر بنائے جائیں گے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ حالیہ حکومت کے دور میں صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے اور بلوچستان میں بجلی کی پیداوار کیلئے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے۔ ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادری راہداری (سی پیک) منصوبہ خطے کی قسمت کو بدل دے گا اور پاکستان اہم ترین ملک بن کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے، جو لوگ اس کو متنازع بنا رہے ہیں، وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 634285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش