0
Wednesday 6 Apr 2011 08:55

افغانستان،نیٹو فوج کا گھر پر حملہ، 6 افراد جاں بحق 4 گرفتار، کابل یونیورسٹی میں مظاہرہ، امریکی پرچم جلایا گیا

افغانستان،نیٹو فوج کا گھر پر حملہ، 6 افراد جاں بحق 4 گرفتار، کابل یونیورسٹی میں مظاہرہ، امریکی پرچم جلایا گیا
مزارشریف،کابل:اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے شمالی صوبے سرے پل میں نیٹو فوج نے رات کے وقت گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اس دوران 4دیگر افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر دارالحکومت کابل میں یونیورسٹی کے اندر سینکڑوں طلبہ اور دیگر افراد نے امریکی پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ”امریکا مردہ باد“کے نعروں کے دوران امریکی پرچم اور ملعون پادری ٹیری جونز کے پتلے جلائے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی صوبے سرے پل کے گورنر سید انور رحمتی نے بتایا کہ رات کے وقت نیٹو فوجی اچانک ہیلی کاپٹر سے ایک گھر کے اندرکود گئے اور اندھادھند فائرنگ کر کے 6بے گناہ شہریوں کو مار ڈالا جبکہ 4 افراد کو گرفتار کر کے لے گئے۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ نیٹو اور افغان فوجیوں کا مشترکہ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران جوابی کارروائی میں 5 مسلح افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ تاہم نیٹو ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے میں مرنے والے افراد کی شناخت کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں حکومت کی جانب سے شہریوں کو اپنی جان ومال کی حفاظت کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے، خاص کر دیہی علاقوں میں ڈاکوؤں، جنگجوؤں یا دشمنوں سے لاحق خطرات سے بچنے کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ رات کے وقت سیکورٹی فورسز کے چھاپوں پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نیند سے اچانک بیدار ہونے پر لوگ پریشان ہو جاتے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ انہوں نے رات کی تاریکی میں گھر میں گھسنے والوں پر گولی چلا دی ہو، خواہ ان کا جنگجوؤں سے کوئی تعلق نہ بھی ہو۔ 
ادھر امریکی پادری ٹیری جونز کے ہاتھوں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف افغانستان میں پانچویں روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ منگل کو کابل یونیورسٹی کے اندر سیکڑوں طلبہ اور دیگر افراد نے ملعون پادری ٹیری جونز اور امریکا کے خلاف نعرے لگائے اور امریکی اور افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پادری ٹیری جونز کے خلاف فوری کارروائی کر کے اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 63444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش