0
Sunday 7 May 2017 19:30

پاکستان کی سالمیت ہماری اولین ترجیح ہے، سرحد کی خلاف ورزی قبول نہیں کرینگے، میجر جنرل ندیم انجم

پاکستان کی سالمیت ہماری اولین ترجیح ہے، سرحد کی خلاف ورزی قبول نہیں کرینگے، میجر جنرل ندیم انجم
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم کا کہنا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا جس میں 50 افغان فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔  چمن میں میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے ہونے والے نقصان سے خوش نہیں کیونکہ وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں، لیکن پاکستان کی سالمیت ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی قبول نہیں کریں گے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔  آئی جی ایف سی نے باور کرایا کہ اگر کسی نے دوبارہ یہ کارروائی کرنے کی کوشش کی تو اس سے بھی زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔  میجر جنرل ندیم انجم نے کہا کہ افغان فورسز نے مردم شماری کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے اور پاکستانی علاقوں میں گھس کر مکانات پر قبضے کئے اور پوزیشنز سنبھالیں، جب پاکستان افواج کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تو افغان فورسز کے 50 سے زائد اہلکار مارے گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔
 
آئی جی ایف سی بلوچستان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان فورسز کی ان چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جنہوں نے پاکستانی آبادی پر فائرنگ کی تھی اور 5 چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔  انہوں نے کہا کہ افغان فورسز نے ہماری شہری آبادی کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا، اگر ہم چاہتے تو زیادہ فورس استعمال کر کے گاؤں پہلے ہی خالی کروا لیتے لیکن ہماری مثبت سوچ کا غلط فائدہ اٹھایا گیا۔  میجر جنرل ندیم انجم نے مزید کہا کہ 5 مئی کو افغانستان کیجانب سے سیز فائر کی درخواست کی گئی جسے پاکستان نے قبول کر لیا۔  انہوں نے بتایا کہ ہم نے افغان حکام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ہر لمحہ باخبر رکھا کہ پاکستان کے اس علاقے میں مردم شماری کی جائے گی تاکہ انہیں کسی قسم کی غلط فہمی نہ ہو لیکن پھر بھی انہوں نے یہ شرارت کی۔  میجر جنرل ندیم انجم نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم نے افغان حکام سے ملاقاتیں کیں اور ان کو بتایا کہ مارچ کے مہینے میں مردم شماری کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آگاہ کردیا تھا کہ مردم شماری کی جائے گی۔  خیال رہے کہ رواں ہفتے بلوچستان کے علاقے چمن میں مردم شماری ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں پر افغان بارڈر فورسز نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 634459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش