0
Sunday 7 May 2017 21:29

پیپلز پارٹی کو ختم سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی کو ختم سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے لوئر دیر میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں فوراََ شامل کیا جائے۔ لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پختونوں کے بلاک کئے گئے شناختی کارڈز بحال کئے جائیں، ملک کا خزانہ لوٹنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ عدالت میں فریق بنے اور نہ ہی جے آئی ٹی میں بن رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف 19 گریڈ کے افسروں کے سامنے پیش ہوں گے تو پارلیمنٹ کی خود مختاری کہاں جائے گی؟ پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ شہادت پیپلز پارٹی کا نظریہ حیات ہے، ہمارے شہید دلوں میں زندہ ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ پِسے ہوئے طبقات کا خیال رکھا اور ہمیشہ غریب عوام کیلئے آواز اُٹھائی۔ سابق وزیراعظم نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشورہ دیا کہ اپنی داڑھی دوسروں کے ہاتھ میں نہ دو۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری عروج پر ہے، پیپلز پارٹی کو ختم سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں بدنظمی عروج پر رہی، کارکنوں نے خاردار تار عبور کرکے اسٹیج کی جانب بڑھنے کی کوشش کی جبکہ پولیس کو بے قابو جیالوں کو روکنے کیلئے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ جلسے سے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو خطاب کرنا تھا، تاہم سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر ان کی شرکت منسوخ کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 634464
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش