0
Sunday 7 May 2017 20:22

پاراچنار، پاک فوج قبائل کے تمام مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، بریگیڈئیر امیر محمد خان

پاراچنار، پاک فوج قبائل کے تمام مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، بریگیڈئیر امیر محمد خان
اسلام ٹائمز۔ پاک آرمی کے 73 بریگیڈ کے کمانڈر امیر محمد خان نے کہا ہے کہ فورسز پولیٹیکل انتظامیہ سے ملکر صحت سمیت قبائل کے تمام مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے اور پاک افغان سرحد سمیت دور دراز پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک آرمی 73 بریگیڈ کے کمانڈر امیر محمد خان نے پاک آرمی کیجانب سے تری منگل میں فری میڈیکل کیمپ میں کیا۔ کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے تری منگل میں فاٹا سیکریٹریٹ اور پولیٹیکل انتظامیہ محکمہ صحت کی جانب سے لگائے گئے مشترکہ میڈیکل کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاک فوج کے 73 بریگیڈ کے کمانڈر امیر محمد خان نے کہا کہ حکومت کرم ایجنسی سمیت قبائلی عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے اور افغان سرحد پر واقع دیہات سمیت دور دراز علاقوں کے قبائل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔ امیر محمد خان کا کہنا تھا کہ فورسز نے پاراچنار شہر سمیت ایجنسی بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں اور ایف سی کے ساتھ ساتھ پاک آرمی کے جواب بھی سکیورٹی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امیر محمد خان کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں مردم شماری کا عمل جاری ہے، جس میں تقریبا دو ہزار جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تری منگل میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں محکمہ صحت اور ایف سی کے ڈاکٹروں نے 1300 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں ادوایات دیئے۔ ایجنسی سرجن ڈاکٹر معین بیگم کا کہنا ہے کہ فورسز اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپوں کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے محکمہ صحت کی جانب سے بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور مریضوں کا مفت معائنے کے ساتھ ساتھ انہیں معیاری ادویات بھی دیئے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 634469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش