QR CodeQR Code

مردان، ٹریفک اہلکار کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت، آئی جی پی نے نوٹس لے لیا

9 May 2017 19:25

آئی جی پولیس کے احکامات پر فائرنگ میں ملوث ٹریفک وارڈن اہلکار کو گرفتار اور اسکے خلاف متعلقہ تھانے میں دفعہ 302 کے تحت باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، صلاح الدین محسود نے اس ضمن میں ریجنل پولیس آفیسر اور ضلعی پولیس آفیسر مردان کو میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ٹریفک اہلکار کی فائرنگ سے مشکوک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کالج چوک میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار سعید نے ایک مشکوک شخص کو روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔ ٹریفک اہلکار نے فرار کی کوشش کے دوران مشکوک شخص پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت بلال ولد لعل غنی سکنہ جمال گڑهی سنٹر سے ہوئی ہے، جس کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کے پی کے صلاح الدین خان محسود نے مردان کالج چوک میں ٹریفک اہلکار کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی پولیس کے احکامات پر فائرنگ میں ملوث ٹریفک وارڈن اہلکار کو گرفتار اور اس کے خلاف متعلقہ تھانے میں دفعہ 302 کے تحت باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ آئی جی پی صلاح الدین خان محسود نے اس ضمن میں ریجنل پولیس آفیسر اور ضلعی پولیس آفیسر مردان کو میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 635099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/635099/مردان-ٹریفک-اہلکار-کے-ہاتھوں-شہری-کی-ہلاکت-آئی-جی-پی-نے-نوٹس-لے-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org