0
Tuesday 9 May 2017 20:34

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکا مسودہ تیار

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکا مسودہ تیار
اسلام ٹائمز۔ حکومت اور قبائلی پارلیمانی وفد کے درمیان مذاکرات میں قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے سے متعلق آئینی پیکج کی منظوری کیلئے آئندہ ہفتے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ قبائلی اراکین پارلیمنٹ نے 20 مئی کا دھرنا ملتوی کر دیا۔ آئینی ترمیم فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق ہے۔ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور قبائلی اراکین کو بھی اس سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے مرحلہ وار تمام فاٹا اصلاحات پر تیزی سے عمل درآمد کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ قومی اسمبلی میں قبائلی رہنما شاہ جی گل آفریدی کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے منگل کو اسلام آباد میں وزیر قانون و انصاف زاہد حامد اور وزیراعظم کے مشیر خارجہ و فاٹا اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین سرتاج عزیز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق اعلٰی حکومتی عہدیداروں نے فاٹا کے پارلیمانی لیڈر کو فاٹا کو صوبہ کے پی کے میں شامل کرنے کی آئینی ترمیم کا مسودہ دکھا دیا گیا ہے۔ ذرائع کا دعوٰی ہے کہ فاٹا اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے 15 مئی کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے، جو 19 مئی تک جاری رہے گا۔

وزیر قانون و انصاف زاہد حامد اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے فاٹا کے پارلیمانی لیڈر کو مجوزہ رواج ایکٹ کی منظوری کے ممکنہ ٹائم فریم سے بھی آگاہ کیا۔ آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد آئندہ اجلاس میں رواج ایکٹ پیش ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آئینی ترمیم کے تحت فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم ہونے سے صوبائی اسمبلی میں 25 نشستوں کا اضافہ متوقع ہے۔ آئین میں پاکستان کی جغرافیائی حدود، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے متعلق شِقوں میں ترامیم کی تجویز پیش کی گئی ہیں۔ آئینی ترمیم کے تحت قبائلی علاقے پاکستان کی حدود میں شامل ہو جائیں گے اور صدارتی فرمان کی بجائے ان علاقوں پر وزیراعظم اور وزیراعلٰی کے احکامات لاگو ہوں گے۔ آئینی ترمیم سے خیبر پختونخوا کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں بھی 12 نشستوں کا اضافہ ہو جائے گا، حکومت اور فاٹا اراکین پارلیمنٹ نے خوش اسلوبی سے معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ 20 مئی کا احتجاجی دھرنا ملتوی کر دیا گیا ہے، 15 مئی فاٹا اصلاحات کے ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 635139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش