0
Wednesday 10 May 2017 19:54

بلدیاتی حکومت کو اختیارات نہ دینا توہین عدالت ہے، وسیم اختر

بلدیاتی حکومت کو اختیارات نہ دینا توہین عدالت ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی حکومت کو اختیارات نہ دینا توہین عدالت ہے، 18 ویں ترمیم کی بدولت صوبے ریاست میں ہی ریاست بن چکے ہیں مگر پھر بھی جمہوری حکومتیں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا نہیں چاہتیں۔ میڈیا سے بات چیت میں میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں روزانہ بجلی کا بریک ڈاؤن روز کا معمول نہیں، البتہ شہریوں کو لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے بلوں سے کے الیکٹرک زیادہ وصولی کرتا ہے، اسپتالوں میں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے جس کے خاتمے کے لئے کے الیکٹرک سے درخواست کی ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کی منظوری اور سپریم کورٹ کے احکامات کے باجود بلدیاتی حکومت کو اختیار نہیں دیئے جارہے جو توہین عدالت ہے، شہر کراچی سندھ کو 90 فیصد اور پاکستان کو 65 فیصد ریونیو دیتا ہے مگر بدلے میں اس شہر کو کچھ نہیں دیا جاتا۔ وسیم اختر نے کہا کہ اب تک شہر کے لئے سب سے زیادہ کام سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ہوا، انہوں نے بلدیاتی انتخابات نچلی سطح تک منتقل کئے تو شہر کا نقشہ تبدیل ہوگیا۔ میئر کراچی نے تسلیم کیا کہ رینجرز آپریشن کے بعد شہر کے حالات بہت بہتر ہوئے اور یہاں کے عوام کو سکون نصیب ہوا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسلحہ بنتا نہیں بلکہ کہیں سے آتا ہے، اب صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ وہ داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کرے تاکہ شہر میں کوئی اسلحہ نہ لاسکے۔
خبر کا کوڈ : 635517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش