0
Friday 12 May 2017 17:27

لاہور میں شب برات اور جشن امام زمان علیہ السلام عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور میں شب برات اور جشن امام زمان علیہ السلام عقیدت و احترام سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں شب برات اور جشن ولادت بارہویں تاجدار امامت حضرت امام مہدی علیہ السلام مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس حوالے سے مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں میں شب برات اور جشن ولادت باسعادت کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ گھروں اور عبادت گاہوں میں چراغاں کیا گیا۔ علماکرام، ذاکرین اور شعراء نے بارگاہ امام زمانہؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں اعمال نیمہ شعبان ادا کئے گئے۔ تلاوت کلام مجید، دعائے کمیل، نوافل اور قضا نمازوں کی ادائیگی کی گئی۔ جبکہ زیارت امام حسین علیہ السلام اور دعاء امام زمانہ ؑ کی تلاوت کرکے پیغمبر اکرم کے آخری جانشین سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ روزے رکھے گئے۔ علماء نے اپنے خطابات میں کہا کہ شب برات ہمیں اپنے خدا کا قرب اختیار کرنے اور گناہوں کی بخشش کی توفیق دیتی ہے، شب برات دراصل اپنا احتساب ہے کہ ہم نے پورے سال میں کیا کچھ کیا اور آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا، یہ وہ توفیق ہے جس سے انسان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے، جو قیامت تک قائم رہے گا، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم مبعوث فرما کر اللہ تعالیٰ نے نبوت کا دروازہ بند کر دیا اور ان کے شریعت کی تشریح اور فروغ کیلئے بارہ آئمہ معصومین کو جانشین بنایا جو حضرت علی علیہ السلام سے شروع ہوئی اور امام مہدی علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر زمانے میں حجت خدا کی موجودگی رہی ہے۔ یہ دنیا انتظار میں ہے کہ امام مہدی ظہور کریں گے اور دنیا میں عدل و انصاف نافذ کریں گے۔ علما نے کہا کہ 15 شعبان المعظم بارہویں امام حضرت مہدی علیہ السلام سامرہ عراق میں 255 ھجری میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے ہاں پیدا ہوئے اور حکم خداوندی سے غیبت میں گئے اور اللہ رب العزت کی مشیت کے مطابق ظہور کریں گے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام ان کی تصدیق کیلئے دنیا میں دوبارہ آئیں گے۔ اسی طرح لاہور میں دریائے راوی کے کنارے بھی روایتی جشن امام زمان علیہ السلام منایا گیا جس میں موالیان کی کثیر تعداد شریک ہوئی اس موقع پر معرف نعت خواں حضرات اور ذاکرین عظام نے فضائل امام زمانہ بیان کئے۔ گلبرگ میں حالی روڈ مسجد، اچھرہ میں مسجد الحسین، وحدت کالونی میں مسجد الحسن، سمن آباد میں جامع مسجد، امامیہ کالونی، مسجد کشمریاں اندرونی موچی دروازہ، جعفریہ کالونی، ٹھوکر نیاز بیگ، بحریہ ٹاؤن، علی رضا آباد، مسلم ٹاؤن، جامعہ عروۃ الوثقیٰ سمیت شہر بھر میں جشن امام زمان علیہ السلام کے سلسلہ میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا اور شہری عبادات میں مصروف رہے۔

شب برات کے سلسلہ میں ایک تقریب جامع مسجد مولانا احمد علی لاہور اندرون شیرانوالہ گیٹ میں مولانا محمد اجمل قادری کی صدارت میں ہوئی، تقریب سے جے یو آئی ف کے مولانا امجد خان مفتی احمد علی ثانی سیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا محمد اجمل قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب برأت انسانی زندگی کو پُرنور کرنے کا ایک سالانہ تہوار ہے، گناہوں کی گرد اتارنے اور زندگی سنوارنے کا یہ ایک منفرد موقع ہے، یہ رات اُمت مسلمہ کی دھلائی کا سالانہ فنکشن ہے، اس رات کا قیام اور اس سے اگلے دن کا روزہ انسان کے پورے سال کو خوشبودار بنا دیتا ہے، اس رات کو پکی توبہ کرنیوالا ایک نئی زندگی پاتا ہے، یہ رات فسق و فجور سے دہکتے تنور بجھا دینے والی رات ہے، ایک انسان جب گناہوں کا بوجھ محسوس کرتے ہوئے اس رات میں درِ توبہ پر دستک دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی رحمت آگے بڑھ کر اس کا استقبال کرتی ہے اور اسے ستھرا کرکے اللہ کے قُرب میں اسے جگہ عطا کرتی ہے، آج کی عُریانی فحاشی، بے حیائی اور مغربی آلودگی کو دور کرنے کیلئے شب برأت کی برسات کافی ہے۔لاہور کی بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار میں بھی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا۔ بادشاہی مسجد میں مولانا عبدالخبیر آزادی اور داتا دربار مسجد میں علامہ محمد رمضان سیالوی نے اعمال کروائے۔
خبر کا کوڈ : 635854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش