0
Friday 12 May 2017 13:16

ہمسایہ ممالک سے بگڑتے تعلقات کا ذمہ دار پاکستان خود ہے، ڈی جی امریکن انٹیلی جنس

ہمسایہ ممالک سے بگڑتے تعلقات کا ذمہ دار پاکستان خود ہے، ڈی جی امریکن انٹیلی جنس
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعاون سے بننے والا سی پیک منصوبہ دہشت گردوں کو حملے کے لیے اضافی ٹارگٹ فراہم کرے گا۔ امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ڈینئل کوٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ چائنہ پاک اکنامک کوریڈور شدت پسندوں اور دہشت گردوں کو کارروائیوں کے لیے مزید ٹارگٹس فراہم کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیہ ممالک سے بگڑتے ہوئے تعلقات کا ذمہ دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مخالف شدت پسندوں کو روکنے میں اسلام آباد ناکام ہو گیا اور اس حوالے سے نئی دہلی کی برداشت ختم ہو رہی ہے۔ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے بھی پاکستان میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات بگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بدترین سطح پر جا سکتے ہیں اگر بھارت کی سرزمین پر پاکستان سے ہائی پروفائل دہشت گردی کی جاتی ہے۔

پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ڈینئل کوٹس نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس میں آرٹلری اور مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے، اس کی وجہ سے تشویش ہے کہ دو نیو کلیئر طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی دہشت گرد گروپ خطے میں امریکی مفاد کے لیے خطرہ ہیں جو کہ افغانستان اور بھارت پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ڈینئل کوٹس نے تجویز دی کہ دونوں ملک اپنے تنازعات کم کریں اور بیٹھ کر بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان، جماعت الحرار، القاعدہ، داعش، لشکر جھنگوی اور لشکر جھنگوی العالمی پاکستان کی اندرونی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 635996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش