0
Friday 12 May 2017 18:56

پاراچنار بڑی تباہی سے بچ گیا، افغانستان سے آنے والی بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے تباہ

پاراچنار بڑی تباہی سے بچ گیا، افغانستان سے آنے والی بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے تباہ
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ اور فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والی بارود سے بھری گاڑی تباہ کر دی۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ پاراچنار شاہد علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیٹیکل انتظامیہ اور ایف سی انٹیلی جنس یونٹ نے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں جشنِ ظہور امام مہدی علیہ السلام کے جلسے کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے لئے افغانستان کے صوبہ پکتیا سے دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی کرم ایجنسی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ بوڑکی بارڈر پر موجود لیوی اہلکار اورایف سی اہلکار کے جوانوں نے گاڑی پر فائرنگ کی جس سے بارود سے بھری گاڑی میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور پاراچنار میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پاراچنار شہر کے مرکزی امام بارگاہ میں جشنِ ظہور امام مہدی علیہ السلام کے حوالے سے ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نامور عالم دین علامہ جواد نقوی نے بھی شرکت کی جبکہ کرم ایجنسی میں افغان سرحد مسلسل 26 فروری سے بند ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے افغان سرحد بند کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 636059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش