QR CodeQR Code

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہوا تو بڑی تباہی ہوسکتی ہے، غلام بلور

13 May 2017 09:52

اے این پی کے مرکزی رہنماء کا سانحہ مستونگ کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل نہ ہونے کیوجہ سے دہشتگرد آزادانہ کارروائیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور سانحہ مستونگ کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل نہ ہونے کیوجہ سے دہشتگرد آزادانہ کارروائیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں، ملک بھر میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہگاہوں اور ٹھکانوں کی مکمل تباہی اور متفقہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20 نکات پر من و عن عملدرآمد کرنے سے ممکن ہے، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے فروغ کیلئے موجود تربیت گاہوں کے خلاف کارروائی اشد ضروری ہے۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ قومی قیادت کی طرف سے مکمل یکجہتی اور اتحاد موجود ہونے کے باوجود نیشنل ایکشن پلان کے کئی نکات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا، اے این پی بار بار یہ مطالبہ کرتی رہی ہے لیکن ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے عوام آج پھر جنازے اٹھا رہے ہیں، اگر ’’نیپ‘‘ پر عمل درآمد نہ ہوا تو بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 636209

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/636209/نیشنل-ایکشن-پلان-پر-عملدرا-مد-نہ-ہوا-بڑی-تباہی-ہوسکتی-ہے-غلام-بلور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org