0
Saturday 13 May 2017 22:21

سرتاج عزیز کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط، بھارتی سازشوں کو بےنقاب کردیا گیا

سرتاج عزیز کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط، بھارتی سازشوں کو بےنقاب کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویتریس کے نام مکتوب لکھا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مذموم بھارتی سازشوں کو بےنقاب کیا گیا ہے۔ مشیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرریاستی باشندوں کو مستقل رہائش کے سرٹیفیکیٹ جاری کرنا، بھارتی فوج کے ریٹائرڈ ملازمین اور غیرکشمیریوں کو زمین الاٹ کئے جانا، کشمیری پنڈتوں اور مغربی پاکستان کے مہاجرین کی بستیوں کا قیام بھارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل جنرل انتونیو گویتریس کے نام ایک مکتوب بھیجا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی لانے کی مذموم بھارتی کوشیشوں سے سیکرٹری جنرل کا آگاہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق خط میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرریاستی باشندوں کو مستقل رہائش کے سرٹیفیکیٹ جاری کرنا، بھارتی فوج کے ریٹائرڈ ملازمین کو زمین کی الاٹمنٹ، غیر کشمیریوں کو زمین الاٹ کئے جانا بھی مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی بھارتی کوشیشوں کا حصہ ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیری پنڈتوں اور مغربی پاکستان کے مہاجرین کے لیے مقبوضہ کشمیر میں علیحدہ بستیوں کا قیام بھی مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی بھارتی کوشیشوں کا حصہ ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان تمام کوشیشوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے میں من پسند نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ مکتوب میں مشیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے سے ہی ہم مقبوضہ کشمیر میں موجود لاکھوں کشمیریوں کے مسائل کا خاتمہ اور جنوبی ایشیا میں امن و اعتدال قائم کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 636473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش