0
Tuesday 16 May 2017 23:02

واجبات کی ادائیگی کے باوجود وفاق سندھ پر لوڈشیڈنگ کا ظلم کررہا ہے، مراد علی شاہ

واجبات کی ادائیگی کے باوجود وفاق سندھ پر لوڈشیڈنگ کا ظلم کررہا ہے، مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے بجلی کے تمام واجبات ادا کر دیئے ہیں، لیکن وفاق کی جانب سے پھر بھی 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا ظلم کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے خرم شیر زمان نے کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق قرارداد پیش کی۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب یہ بیان کہ بل نہیں دیں گے تو بجلی نہیں ملے گی، سمجھ میں نہیں آتا، رواں برس ہم نے وفاق کو 27 ارب روپے ادا کئے اور اب بجلی کے حوالے سے سندھ حکومت پر وفاقی اداروں کے کوئی بھی واجبات نہیں، ہمارے پاس بجلی کے تمام واجبات ادا کرنے کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود وفاق کی جانب سے سندھ پر 20، 20 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی صورت ظلم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز بھی پانی و بجلی حکام سے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بات کی اور وفاقی سے ٹیرف کا مسئلہ حل کرنے کا کہا، ہم نے بتایا کہ 100 میگاواٹ بجلی بالکل تیار ہے، جسے صرف جاری کرنا ہے، اس کے بعد سندھ کے شہروں شکارپور، دادو اور دیگر پاور پلانٹس سے لوڈشیڈنگ کم ہوگی، لیکن 100 میگاواٹ بجلی کی دستیابی کے باوجود نیپرا کم ٹیرف پر لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس سے بجلی سستی بنتی ہے، اگر لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاق نے توجہ نہ دی تو اس سنگین مسئلے پر خود ہی کام کریں گے۔ اسمبلی کا اجلاس 18 مئی تک ملتوی کر دیا گیا۔ بعد ازاں ایوان نے خرم شیر زمان کی جانب سے سندھ میں بدترین لوڈشیڈنگ اور بجلی کے غیر منصفانہ ٹیرف کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
خبر کا کوڈ : 637460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش