0
Wednesday 17 May 2017 14:17

پشاور، پی ٹی آئی کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف واپڈا ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

پشاور، پی ٹی آئی کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف واپڈا ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کا بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف واپڈا ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) دفتر کا مین گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ واپڈا حکام کے مطابق سب سے زیادہ بجلی چوری عائشہ گلالئی کے علاقہ میں ہو رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی کال پر پی ٹی آئی کارکن صبح سویرے واپڈا ہاؤس کے سامنے جمع ہوئے اور کیمپ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور ڈنڈے اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے واپڈا اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں پی ٹی آئی کے دیگر ایم پی ایز سمیت ضلع ناظم پشاور بھی شریک تھے، صوبائی وزیرمال علی امین گنڈاپور بھی مظاہرے میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔ ہنگامہ آرائی کے بعد پیسکو چیف نے مظاہرین کے وفد کو مذاکرات کیلئے واپڈا ہاوس میں بُلا لیا۔

دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا پولیس صلاح الدین محسود نے واپڈا ہاؤس پر حملے کا نوٹس لے لیا۔ آئی جی صلاح الدین محسود کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شکایت کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام سے بار بار مذاکرات کئے مگر کوئی سنوائی نہ ہوسکی، دیہاتی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جو سراسر زیادتی ہے۔ واضح رہے کہ  احتجاج کے دوران مظاہرین دھوپ اور شدید گرمی کے باعث مشتعل ہوگئے اور واپڈا کے مین گیٹ پر پتھراو کیا اور گیٹ توڑ کے اندر داخل ہوئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ واپڈا حکام کے مطابق صوبے کے 415 فیڈرز پر اس وقت زیرو لوڈشیڈنگ ہے جبکہ جن علاقوں میں بجلی چوری زیادہ ہے وہاں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ واپڈا کے ترجمان کے مطابق سب سے زیادہ بجلی چوری عائشہ گلالئی کے علاقہ میں ہو رہی ہے، جہاں 80 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 637666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش