QR CodeQR Code

اصغریہ آرگنائزیشن اور اصغریہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام سندھ بھر میں مردہ باد امریکا و اسرائیل ریلیوں کا انعقاد

17 May 2017 19:23

حیدرآباد میں نکالی گئی مرکزی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر فضل حسین نے کہا کہ ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت درس حسینی و علوی ہے، 16 مئی کو اسرائیل کیصورت میں امریکا نے ناجائز ریاست کو منظور کرکے عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپ کر دنیا میں بدامنی و دہشتگردی کی بنیاد رکھی۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام 16 مئی یوم مردہ باد امریکا کی مناسبت سے سندھ بھر میں مردہ باد امریکا ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات، نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کرکے امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل سے اظہار بیزاری کیا، جبکہ امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔ سندھ بھر میں نکالی گئی ریلیوں میں اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری، غلام رضا جعفری، استاد اخلاق احمد اخلاق، ارشاد حسینی سمیت مرکزی نمائندگان، علماء کرام، دانشور حضرات نے خطاب کئے۔ حیدرآباد میں اولڈ کیمپس تا پریس کلب نکالی گئی مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے کہا کہ ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت درس حسینی و علوی ہے، 16 مئی کو اسرائیل کی صورت میں امریکا نے ناجائز ریاست کو منظور کرکے عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپ کر دنیا میں بدامنی و دہشتگردی کی بنیاد رکھی۔

فضل حسین اصغری نے کہا کہ اسرائیل سے ناجائز قیام سے آج تک امریکا و اسکے گماشتوں کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں، امریکی مظالم کو دنیا بھر میں امام خمینیؒ نے آشکار کیا اور اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان میں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ نے یوم مردہ باد امریکا منانے کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی صدر نے کہا کہ امریکی پالیسیوں سے عالمی امن کو خطرہ ہے، اقوام عالم پر مسلط کردہ امریکی جنگوں کی ایک طویل فہرست ہے، جن میں کئے گئے مظالم پر انسانیت آج بھی شرمندہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر کئے جانے والے اسرائیل مظالم میں امریکا بھی برابر کا شریک ہے، درحقیقت امریکا ہی عالم اسلام کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار ہے۔


خبر کا کوڈ: 637804

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/637804/اصغریہ-ا-رگنائزیشن-اور-اسٹوڈنٹس-کے-زیر-اہتمام-سندھ-بھر-میں-مردہ-باد-امریکا-اسرائیل-ریلیوں-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org