0
Friday 8 Apr 2011 01:29

مسلم لیگ (ق) کے رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات

مسلم لیگ (ق) کے رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تندوروں اور رمضان بازاروں میں اربوں روپے ضائع کئے، پنجاب حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ایم کیو ایم کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایم کیو ایم کے وفد نے چوہدری پرویز الٰہی کو دس اپریل کو لاہور میں ایم کیو ایم کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔
جمعرات کے روز چوہدری پرویز الٰہی نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ملنے والے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کو ہم پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایم کیو ایم پنجاب میں ایک فعال جماعت بن کر سامنے آئی ہے، مسلم لیگ (ق) 10 اپریل کو ایم کیو ایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ (ق) لیگ اور ایم کیو ایم کے تعلقات مثالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے پنجاب میں جرائم کی شرح میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سو ارب روپے ہم چھوڑ کر آئے تھے پنجاب حکومت نے سستی روٹی اور رمضان بازاروں پر خرچ دیئے۔
پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا، ڈاکٹروں کے ایشو کو مس ہینڈل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ مڈٹرم الیکشن کی بات کرتی ہے پہلے بلدیاتی انتخابات تو کروائے پھر الیکشن کی بات کرے۔ عوام کا مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے جینا محال ہو گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں جلد نمایاں کمی ہو گی، عوام کو جمہوریت کے ثمرات نہیں مل رہے ہیں، کراچی میں بھتہ خوروں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، پنجاب میں ایم کیو ایم کو خوش آمدید کہنے پر پرویز الٰہی کے شکر گزار ہیں جبکہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہمارے تعلقات پر اثر نہیں پڑتا، (ق) لیگ کے ساتھ ہمارے مثالی تعلقات ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کو دس اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام جب تک منصفانہ نہیں ہو گا، تب تک پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، ملکی مسائل کی وجہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 63857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش