0
Sunday 21 May 2017 14:35

بھارت نے مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا موقع دے دیا، مارکنڈے کاٹجو

بھارت نے مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا موقع دے دیا، مارکنڈے کاٹجو
اسلام ٹائمز۔ بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے کلبھوشن یادیو کا معاملہ عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں لے جانے کو سنگین غلطی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا موقع دے دیا۔ مارکنڈے کاٹجو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان بہت خوش ہوگا کہ ہم نے محض ایک شخص کے لئے ’’آئی سی جے‘‘ کا در کھٹکھٹایا کیونکہ اب وہ ہر طرح کے مسائل بالخصوص مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورم پر اٹھا سکتے ہیں، جس پر اب تک ہم اعتراض کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’آئی سی جے‘‘ میں جاکر ہم نے شاید ایک پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔ مارکنڈے کاٹجو کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی سی جے کے دائرہ اختیار کے حوالے سے پاکستان نے معمولی اعتراض اس لئے کیا کیونکہ بظاہر وہ سمجھتا ہے کہ بھارت نے ایسا کرکے اسے دیگر تنازعات کو عالمی عدالت میں اٹھانے کا موقع فراہم کردیا۔

انہوں نے لکھا ’’ہم پاکستان کے آلہ کار بن گئے اور اسے یہ موقع فراہم کر دیا کہ وہ وہاں دیگر تمام معاملات بھی اٹھا دے، درحقیقت یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے آئی سی جے کے دائرہ اختیار پر سخت اعتراضات نہیں اٹھائے‘‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب اگر پاکستان کشمیر کے معاملے پر آئی سی جے میں جاتا ہے تو بھارت بھی عالمی عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض نہیں کرسکے گا۔ مارکنڈے کاٹجو کے مطابق ’’اب یہ بات طے ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے لئے ’’آئی سی جے‘‘ سے رجوع کرے گا اور پھر ہمارے لئے اس کے دائرہ اختیار پر اعتراض کرنا بہت مشکل ہوگا‘‘۔ خیال رہے کہ اٹھارہ مئی کو آئی سی جے نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی درخواست پر عبوری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان کو ہدایت دی تھی کہ جب تک حتمی فیصلہ نہیں آجاتا پاکستان کلبھوشن کو پھانسی نہیں دے سکتا۔ اس فیصلے کو پاکستان کی ہار اور بھارت کی جیت کے طور پر دیکھا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں تجزیہ کار اس پر شدید تنقید بھی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 638644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش