QR CodeQR Code

کراچی میں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید، ایک شدید زخمی

21 May 2017 03:36

ایس ایس پی فیصل عبداللہ کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی، نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، کیونکہ گولیاں سروں اور سینے پہ لگیں۔ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے تیرہ خول ملے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں بہادرآباد کے علاقے دھوراجی کے قریب پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بہادرآباد میں دھوراجی کے قریب نیو ٹاؤن تھانے کی موبائل نمبر SPD-349 پر نامعلوم افراد کی جانب سے ریکی کرنے کے بعد فائرنگ کی گئی اور اہلکاروں کے سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے، شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل راجہ یونس شامل ہیں۔ شدید زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔ ایس ایس پی فیصل عبداللہ کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی، نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، کیونکہ گولیاں سروں اور سینے پہ لگیں۔ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے تیرہ خول ملے ہیں۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس موبائل پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ شواہد کی مدد سے ملزمان کو جلد پکڑا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 638788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/638788/کراچی-میں-پولیس-موبائل-پر-نامعلوم-افراد-کی-فائرنگ-سے-2-اہلکار-شہید-ایک-شدید-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org