0
Sunday 21 May 2017 23:21

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، نفیس زکریا

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، نفیس زکریا
اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک پاکستان ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور اس حوالے سے دنیا کو آگاہ کر چکے ہیں۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات میں بہتری کے لئے عالمی سربراہی کانفرنس اہمیت کی حامل ہوتی ہے اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس میں تمام ممالک کے سربراہان شرکت کرتے ہیں اور موجودہ حالات و واقعات پر بات چیت کرتے ہیں اور اسی گفتگو کے ذریعے مواصلاتی روابط کو بھی بہتر بنا کر دوریوں کو ختم کرتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگرد کا نہ تو کوئی مذہب ہوتا اور نہ ہی کوئی پہچان، دنیا کا کوئی بھی مذہب دہشتگردی کی تلقین نہیں کرتا اور اسلام تو امن و محبت کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کے پاس ایک اہم موقع ہے کہ وہ سعودی عرب میں ہونے والے امریکا عرب سربراہ کانفرنس میں سب کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنے تحفظات پیش کر سکتا ہے، کانفرنس میں اسلام کی بہتر تصویر کشی کی جائے اور اسلام سے متعلق کوئی غلط فہمیاں موجود ہیں تو ان کو دور کرکے اسلام مخالف پروپیگنڈا کو غلط ثابت کیا جائے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی سے محفوظ نہیں لیکن کانفرنس میں شریک باقی 54 ممالک میں جو ملک دہشتگردی سے متاثر ہیں ان میں پاکستان سرفہرست ہے، پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ میں وسیع تجربہ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور اس حوالے سے دنیا کو آگاہ کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 639079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش