0
Friday 8 Apr 2011 18:53

امریکہ اسرائیل کو نابود ہونے سے بچانے کیلئے خطے میں عربی ایرانی اور شیعہ سنی جنگ شروع کروانا چاہتا ہے، احمدی نژاد

امریکہ اسرائیل کو نابود ہونے سے بچانے کیلئے خطے میں عربی ایرانی اور شیعہ سنی جنگ شروع کروانا چاہتا ہے، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں عربی ایرانی یا شیعہ سنی جنگ شروع کروانے کی سازشوں میں مصروف ہے جسکا مقصد اسرائیل کو اسکی حتمی نابودی سے نجات دلانا ہے۔ وہ کل جمعرات کے دن ایران کے شہر کرمانشاہ میں عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ خطے میں اسرائیل کیلئے کوئی جگہ نہیں، انہوں نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اسرائیل کی بے چون و چرا حمایت کی پالیسی اختیار کرنے کی وجہ سے وہ پوری دنیا میں منفور ہو چکا ہے اور اگر وہ چاہتا ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہو تو اسکا واحد راستہ دنیا کی اقوام کے ساتھ صداقت اور سچائی پر مبنی رویہ اختیار کرنا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک دھوکے اور فریب کی سیاست کو ترک کر دیں۔
جناب محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی نے عالمی استعماری قوتوں کے تمام منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم نیل سے فرات تک تمام اسلامی سرزمینوں پر قبضہ جمانے کے خواب دیکھ رہی تھی لیکن ایران میں حضرت امام خمینی رح کی قیادت میں اسلامی انقلاب کی کامیابی نے اسکے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا کر رکھ دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکہ میں ایک سیاہ فام شخص کو مسند صدارت تک لانے کا مقصد دنیا کو دھوکہ دینا تھا اور وہی مقاصد جنہیں جنگ سے حاصل کرنا مشکل ہو گیا تھا نئے انداز میں انکے حصول کی کوشش کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی فریبکارانہ سیاست کا پول کھل چکا ہے اور اسکی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ 
صدر احمدی نژاد نے کہا کہ سابق امریکی صدر جرج بش کے دور میں گریٹر مڈل ایسٹ کا منصوبہ بھی اسرائیل کو نابودی سے بچانے کیلئے بنایا گیا تھا اور موجود صدر براک اوباما کی جانب سے تبدیلی کے نعروں کا مقصد بھی وہی ہے۔ انہوں نے کہا بحرین میں نہتے عوام کے مقابلے میں اقلیتی ظالم حکومت کی بے چون و چرا حمایت اور لیبیا میں طاقت کا استعمال امریکہ اور مغربی دنیا کی دوغلی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ کیسے ممکن ہے وہ حکومتیں جو گذشتہ 50 سال سے ظالم ترین ڈکٹیٹرز کی حمایت کرتی رہی ہیں اور آج افغانستان اور عراق میں بیگناہ عوام کی قتل و غارت میں مصروف ہیں اچانک انسان پسند اور جمہوریت کے حامی بن جائیں۔ صدر احمدی نژاد نے کہا جمہوریت کے ان نعروں کا مقصد خطے میں اپنی کٹھ پتلی آمرانہ حکومتوں کو بچانا ہے تاکہ اس طریقے سے اسرائیل کو نابود ہونے سے بچایا جائے۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے خبردار کیا کہ اسرائیل اور مغربی قوتیں اردن کو توڑنا چاہتی ہیں تاکہ وہاں نام نہاد فلسطینی ریاست قائم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطین کی سرزمین کو آزاد نہیں کرنا چاہتا لہذا اردن کے ایک حصے کو جدا کر کے وہاں فلسطینی ریاست کے قیام کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے اس سازش کو امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے پیش کردہ دو ریاستی منصوبے کا حصہ قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 63970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش