0
Wednesday 24 May 2017 14:35

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سندھ ہائی کورٹ طلب

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سندھ ہائی کورٹ طلب
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ سے متعلق درخواستوں پر کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ شہر میں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کے الیکٹرک غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کررہا ہے، کراچی کے مضافاتی اور غریب علاقوں میں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، نیپرا قوانین کے مطابق لوڈشیڈنگ کے احکامات جاری کئے جائیں۔ کے الیکٹرک کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جامشورو میں پول گرنے اور گیس کی کمی کی وجہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، سندھ حکومت بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ جسٹس عرفان سادات خان نے کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ 2015ء میں سینکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے، کیا کے الیکٹرک اب بھی لوگوں کے مرنے کا انتظار کررہا ہے، کیا کے الیکٹرک اور نیپرا لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو نہیں کرسکتے، بتایا جائے کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کی روک تھام کیلئےکیا اقدامات کررہی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے 29 مئی کو کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خبر کا کوڈ : 640004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش