QR CodeQR Code

آل خلیفہ اور آل سعود کے مظالم انقلابی تحریک کو ختم کرنے میں ناکام ہونگے، علامہ مقصود ڈومکی

25 May 2017 00:15

ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل کا سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کبھی ضعیف اور کمزور لوگوں سے مقابلے کیلئے چالیس ممالک کو اکٹھا نہیں کیا جاتا، نظام ولایت کی ہیبت و عظمت نے انسان دشمن سامراجی قوتوں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کندھرا ضلع سکھر کے زیراہتمام جشن امام زمانہ (عج) کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کبھی ضعیف اور کمزور لوگوں سے مقابلے کے لئے چالیس ممالک کو اکٹھا نہیں کیا جاتا، نظام ولایت کی ہیبت و عظمت نے انسان دشمن سامراجی قوتوں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ آل سعود کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہونے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ شیطان بزرگ امریکہ اور ان کے غلام اسلام ناب سے جنگ کے لئے جمع ہوئے، کاش اسلامی ممالک کے اس سربراہی اجلاس میں کوئی ایک باغیرت انسان موجود ہوتا جو کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھاتا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اقوام عالم کی بیداری اور اولیائے خدا کی جدوجہد کے نتیجہ میں وہ منظر دیکھنے کو ملے گا،جسے سوچ کر امریکہ، اسرائیل اور آل سعود پر لرزہ طاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحرین کے انقلابی عوام پر آل خلیفہ اور آل سعود کے مظالم، انقلابی تحریک کو ختم کرنے میں ناکام ہونگے۔ ہم بحرین کے مجاہد و مبارز عالم دین آیۃ اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے گھر پر حملے اور انقلابی جوانوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحرینی عوام کی پرامن، جمہوری اور انقلابی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے آل خلیفہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور مستعفی ہو کر اقتدار عوام کے حوالے کر دیں۔


خبر کا کوڈ: 640188

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/640188/آل-خلیفہ-اور-سعود-کے-مظالم-انقلابی-تحریک-کو-ختم-کرنے-میں-ناکام-ہونگے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org