QR CodeQR Code

میئر کراچی کا اختیارات کیلئے واویلا کرنا صرف چور مچائے شور کے مترادف ہے، وقار مہدی

26 May 2017 23:29

گلستان جوہر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ جو میئر عباسی شہید اسپتال کی حالت زار کو بہتر نہ بنا سکے، وہ پورے کراچی کی کیا خدمت کرے گا، آج عباسی شہید اسپتال کے مقابلے میں سندھ گورنمنٹ کی ڈسپنریز بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے پورے کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے اور ان ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے کراچی کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر قلندرآباد میں بجلی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، کراچی میں 10 ارب سے زائد کے بڑے منصوبے زیر تکمیل ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ان منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہو سکیں اور عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف مخالفت برائے مخالفت کرتے ہیں، ان کے پاس کوئی دلیل نہیں ہے، میئر کراچی کا اختیارات کیلئے واویلا کرنا صرف چور مچائے شور کے مترادف ہے، جو میئر عباسی شہید اسپتال کی حالت زار کو بہتر نہ بنا سکے، وہ پورے کراچی کی کیا خدمت کرے گا، آج عباسی شہید اسپتال کی صورتحال ناگفتہ بہ کر دی گئی ہے، اس کے مقابلے میں سندھ گورنمنٹ کی ڈسپنریز بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کے الیکٹرک کے حکام سے کہا کہ وہ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں اور اپنی کارکردگی کو بہتر کریں، کراچی کے شہری 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے گزر رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی اور اسکا حصول بھی مشکل ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 640721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/640721/میئر-کراچی-کا-اختیارات-کیلئے-واویلا-کرنا-صرف-چور-مچائے-شور-کے-مترادف-ہے-وقار-مہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org